الخدمت کے تحت موبائل ویکسی نیشن یونٹ کا آغاز ، حافظ نعیم الرحمن نے افتتاح کیا

الخدمت اپنی استطاعت اور وسائل کے مطابق کام کرہی ہے اور حکومت سے تعاون پر بھی تیار ہے،حافظ نعیم کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 7 اگست 2021 23:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2021ء) الخدمت کے تحت کورونا وباء سے بچائو و تحفظ اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے موبائل ویکسی نیشن یونٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ضلع جنوبی کے امیر و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید کے ہمراہ ہفتہ کے روز چوہدری خلیق الزماں روڈ نزد بچہ پارٹی سپر مارٹ کلفٹن میں موبائل ویکسی نیشن یونٹ کا افتتاح کیا ۔

یونٹ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔موبائل یونٹ شہر کے مختلف مقامات پر کورونا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کرے گا ، حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت اپنی استطاعت اور وسائل کے مطابق کام کرہی ہے اور حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر بھی تیار ہے۔

(جاری ہے)

الخدمت نے ہی سب سے پہلے شہر بھر میں جراثیم کُش اسپرے مہم چلائی اور کے ایم سی نے بھی مہم میں الخدمت کے ساتھ تعاون و اشتراک کیا ۔

موجودہ حالات میں بھی الخدمت کے تحت شہر میں عوام کو ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور معذوروں و بزرگ شہریوں کو ان کے گھروں پر بھی ویکسی نیشن لگانے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے ، حکومت لاک ڈاون میں ایسا نظام بنائے جس سے معاشی نقصان نہ ہواور معیشت محفوظ رہے ، لوگ بے روزگار نہ ہوں ۔حکومت کرونا ریلیف فنڈز کا درست استعمال کرے اور کراچی کے عوام کو سہولت فراہم کرے۔

ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر اسکول اور کالجز کھولے جائیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ایس اوپیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے سب سے پہلے اپنے اداروں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کروائے۔جماعت اسلامی ہمیشہ کراچی کے عوام کی حقوق کی بات کرتی ہے۔اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدو جہد کر رہی ہے ۔ کورونا وباء کے آغاز سے ہی جماعت اسلامی اور الخدمت نے کراچی سمیت ملک بھر میں ریلیف کا کام شروع کیا۔

جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار پورے پاکستان میں کام کررہے ہیں۔سید عبد الرشید نے کہا کہ آج الخدمت کراچی کے تحت ویکسی نیشن موبائل یونٹ کا افتتاح کیاگیا ہے ، الخدمت نے ہمیشہ آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ہے ، الخدمت کی کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے شہر بھر میں سرگرمیاں جاری ہے۔ کراچی میں سب سے پہلے الخدمت کی جانب سے موبائل ویکسی نیشن سروس فراہم کی جارہی ہے۔ اس موقع پر الخدمت کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر راشد قریشی، الخدمت کمیونٹی سروسز کے نگراں قاضی صدر الدین، نائب امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔