حامد الحق حقانی کی امارت اسلامی افغانستان کو کابل میں پرامن اور کامیاب داخلے اور مخالفین کو عام معافی کے اعلان پر مبارکباد

حکومت پاکستان و عالم اسلام اور تمام دنیا سے اپیل ہے کہ وہ طالبان کی حکومت کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کرے اوروہ پہلی والی غلطی نہ دہرائیں اسی میں خطے بلکہ پوری دنیا کے امن و سلامتی کا راز مضمر ہے،چیئر مین دفاع پاکستان کونسل

منگل 17 اگست 2021 00:17

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2021ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ ،جامعہ حقانیہ کے نائب مہتمم اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے امارت اسلامی افغانستان کو کابل میں پرامن اور کامیاب داخلے اور مخالفین کو عام معافی کے اعلان پر مبارکباد پیش کی ،انہوں نے کہاکہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ اور شہید جہاد افغانستان و ناموس رسالت حضرت مولانا سمیع الحق کی روحانی اولاد نے دنیا بھر کی ٹیکنالوجی سے لیس استعماری طاقتوں کو شکست دے کر عملاً دنیا پھر واضح کردیا کہ ایمان کی قوت کے آگے کوئی طاقت ٹھہر نہیں سکتی۔

انہوں نے کہاکہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ اور جمعیت علمائے اسلام روزِ اول سے افغانستان میں امریکہ اور نیٹو افواج کے جابرانہ تسلط کے خلاف تھی اور ان بیس سالوں میں ہر محاذ اور ہر فورم پر تحریک طالبان افغانستان کی بھرپور حمایت کرتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ طالبان کی یہ عظیم فتح امیر المومنین مولانا ملا محمد عمر ،حضرت مولانا سمیع الحق شہید، حضرت مولانا جلال الدین حقانی ،مولانا یونس خالص ،ملا اختر منصور اور ان جیسی عظیم شخصیات کی ان تھک جدوجہداور بیشمار گمنام مجاہدین اور شہیدوں کی قربانیوں کا نتیجہ وثمرہ ہے ،مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ افغانستان کی اندرونی سیاست و معاملات میں مزید بیرونی قوتوں اوران کے گماشتوں کی مداخلت منظور نہیں ،طالبان نے اپنے عمل و کردار ،جرات و شجاعت اور خصوصاً سیاسی پختگی سے ثابت کیا کہ وہ حقیقی معنوں میں جامعہ دارالعلوم حقانیہ اور مولاناسمیع الحق شہید (فادر آف طالبان)کی روحانی اولاد و جانشین ہیں، طالبان نے تمام افغانستان کو کفار، استعمار اور غداروں سے بغیر خون خرابے کے آزاد کرایا اور عام معافی دینے کے اعلان سے فتح مکہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے اپنی حقانیت اور سنت نبوی پر عمل پیرا ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے ،جامعہ دارالعلوم حقانیہ، اساتذہ ومشائخ اور کارکنان جماعت صمیم قلب سے امارت اسلامیہ افغانستان کی تمام قیادت ، طلبااورمجاہدین کو اس عظیم کامیابی اور نئی تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،ہماری حکومت پاکستان و عالم اسلام اور تمام دنیا سے اپیل ہے کہ وہ طالبان کی حکومت کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کرے اوروہ پہلی والی غلطی نہ دہرائیں اسی میں خطے بلکہ پوری دنیا کے امن و سلامتی کا راز مضمر ہے ،اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ امارت اسلامی افغانستان کو استقامت واستحکام و دشمنوں کے شر اور سازشوں سے محفوظ رکھے۔