شہباز شریف کی سابق صدر پاکستان اور پارٹی کے مرحوم سینئر رہنما ممنون حسین کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت کی

شہبازشریف کنگری ہاوس بھی گئے اور پیر پگاڑا سے والدہ اور اہلیہ کی وفات پر فاتحہ خوانی، سابق گورنر سندھ ممتاز بھٹومرحوم اور سندھ قوم پرست رہنما امیر حیدر شاہ مرحوم کی رہائش گاہوں پر بھی گئے اور تعزیت وفاتحہ خوانی کی

اتوار 29 اگست 2021 00:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کراچی کے دورے کے موقع پر سابق صدر پاکستان اور پارٹی کے مرحوم سینئر رہنما ممنون حسین، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی رہنما سید سبغت اللہ شاہ پیر پگاڑا، سابق گورنر سندھ ممتاز بھٹومرحوم اور سندھ کے قوم پرست رہنما امیر حیدر شاہ مرحوم کی رہائش گاہوں پر گئے اورفاتحہ خوانی کی۔

ہفتہ کو شہبازشریف سابق صدر ممنون حسین کے گھر گئے اور ان کے صاحبزادوں ارسلان اور سلمان سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر نے کہاکہ ممنون حسین ایک باکمال شخص اور پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔

(جاری ہے)

ملک و قوم، جمہوریت اور پارٹی کے لئے ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ممنون حسین ایک صاف گو، پختہ نظریات پر کاربند اور بصیرت افروز شخصیت کے مالک تھے۔

دریں اثناپاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کنگری ہاو س گئے اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر سید صبغت اللہ شاہ پیر پگاڑا سے ملاقات کی۔ قائد حزب اختلاف نے سید صبغت اللہ شاہ، ان کے بھائی سید سدر الدین شاہ سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ شہباز شریف نے پیرپگاڑا سے ان کی اہلیہ کی وفات پر بھی تعزیت کی۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے دیگر قائدین کے علاوہ پیر پگاڑا کے صاحبزادے سید راشد شاہ بھی موجود تھے ۔ شہبازشریف نے اس موقع پر کہاکہ والدہ کی وفات ایک بڑا صدمہ ہے، اس غم سے گزرا چکا ہوں، آپ کے احساسات سمجھ سکتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ سامراج کے خلاف اور قیام پاکستان میں پگاڑا خاندان، ان کے اسلاف اور حروں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔

ہم پگاڑا خاندان اور حروں کی پاکستان کے لیے خدمات اور عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف جی ایم سید کے بڑے صاحبزادے امیر حیدرشاہ کی وفات پر تعزیت کے لئے جلال محمود شاہ کے گھر گئے اور جلال محمود شاہ سے ان کے تایا امیر حیدر شاہ کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہبازشریف نے کہاکہ جی ایم سید نے قیام پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔

امیر حیدر شاہ مرحوم سندھ کے ایک اہم اور متحرک سیاسی خانوادے کی میراث کے وارث تھے ۔ وہ عمر بھر سندھ اور عوام کے حقوق کے لیے متحرک رہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی سابق گورنر سندھ ممتاز بھٹو مرحوم کے گھر بھی گئے اور مرحوم کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہبازشریف نے کہاکہ ممتاز بھٹو نے قومی اور سندھ کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ایک ایسی شخصیت تھے جو پاکستان کی تاریخ کے اہم واقعات میں شریک رہے۔