&آئی ایم ایف سے طویل مذاکرات نشاندہی کرتے ہیں حکومت کو عوام کا مفاد سب سے عزیز ہے‘ حسان خاور

عوام کے مفاد کا سودا کرنا ہوتا تو آئی ایم ایف سے مذاکرات ایک دن میں مکمل ہو جاتے‘معاون خصوصی و ترجمان پنجاب حکومت

اتوار 24 اکتوبر 2021 20:55

sلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2021ء) معاون خصوصی وزیرِ اعلی برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر بیدردی سے لٹا کر معیشت ڈبونے اور اربوں ڈالر لوٹنے والے ایون فیلڈ کے رہائشی آج پی ٹی آئی حکومت کو قومی سلامتی یاد کروا رہے ہیں،شہباز شریف بے سر و پا تنقید کی بجائے اپنی 25 ارب کی ٹی ٹیز کی وضاحت پر وقت صرف کریں تو عوام کو زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے، اگر 25 ارب کا حساب نہیں دے سکتے تو کم از کم 5 ذاتی رہائش گاہوں کو کیمپ آفس بنانے کا ہی حساب دیدیں۔

اپنے بیان میں حسان خاور نے کہا کہ پاکستان کے آئی ایم ایف سے طویل مذاکرات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو عوام کا وسیع تر مفاد سب سے عزیز ہے۔ عوام کے مفاد کا سودا کرنا ہوتا تو آئی ایم ایف سے مذاکرات ایک دن میں مکمل ہو جاتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ ن زرِ مبادلہ کے ذخائر بیدردی سے نہ لٹاتی تو آج آئی ایم ایف پروگرام کی ضرورت نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد مہنگائی پر قابو پا کر قوم کو ریلیف دیگی۔ ترجمان حکومت پنجاب نے یہ بھی کہا کہ بجلی کے مہنگے ٹھیکوں اور گردشی قرضوں کا بوجھ سابقہ حکومت عوام کے سر پر ڈال گئی ہے۔ ان مہنگے معاہدوں کی قیمت عوام کو ایک عرصہ تک چکانی پڑے گی۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے عالمی منڈی کی بدلتی صورتحال کے باعث ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ عوام کا اتنا ہی درد ہوتا تو پی ایم ایل این کسی ہائیڈل ڈیم کا تحفہ عوام کو دے جاتی۔

دنیا بھر میں بڑھتی مہنگائی کے اثرات پاکستان پر بھی آ رہے ہیں۔ اپوزیشن تعصب کی موٹی عینک اتارے تو مثبت چیزیں بھی نظر آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کو ورلڈ بنک کی جانب سے دنیا کے چار بہترین سماجی تحفظ کے پروگراموں میں شمار کیا گیا ہے۔ ہمارے ایکسپورٹ بل میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی اور لارج سکیل مینوفیکچرنگ کے باعث اضافہ ہو رہا ہے۔