Live Updates

عوامی مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں اورحکومت کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے، چوہدری فیض اللہ کموکا

وزیراعظم عمران خان کی مثبت پالیسیوں کی بدولت بہت جلد مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا، قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئر مین کی گفتگو

اتوار 14 نومبر 2021 21:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2021ء) چیئر مین قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ ریونیوواقتصادی امور و ممبر کور کمیٹی پی ٹی آئی چوہدری فیض اللہ کموکا نے کہا ہے کہ عوامی مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں اورحکومت کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے ،وزیراعظم عمران خان کی مثبت پالیسیوں کی بدولت بہت جلد مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا۔

اپنے آفس ڈھڈی والا میں کھلی کچہری میں عوامی مسائل سننے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ این اے 109 میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے جا رہے ہیں،کارپٹ روڈز، پی پی سی گلیاں، سیوریج کا بہترین نظام، سکولوں کی اپ گریڈیشن، کالجوں میں نئے بلاکس کا قیام اور دیگر عوامی مسائل مقامی لوگوں کی مرضی کے مطابق حل کئے جا رہے ہیں اور انشااللہ آئندہ دو سالوں میں این اے 109 میں ایسا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہے گا جو حل طلب ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے مگر پھر بھی پاکستان میں مہنگائی کی شرح دیگر ملکوں سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ ز،کسان کا رڈز،راشن کارڈ زاور احساس کارڈ زسے عوام کو ریلیف مل رہا ہے جبکہ کم آمدنی والے لوگوں کیلئے حکومت کے اپنا گھر ہاسنگ سکیم کے تحت قرضوں کے اجراکا عمل بھی شروع ہو چکا ہے اسی طرح نوجوان طبقہ کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ جات سے نوجوان طبقہ اپنا ذاتی کاروبار شروع کر کے خود کفیل ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے احساس پروگرام کے تحت امداد لینے والے افراد کے خاندانوں کو راشن کا رڈ کا اجرا کیا جارہا ہے لہذااس راشن کارڈ سے خاندان کے افراد کے تناسب سے اشیا فراہم کی جائینگی جس سے ناجائز منافع خوری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر ماتم کرنیوالے ہی مہنگائی کے اصل ذمہ دار ہیں جبکہ موجودہ ملکی حالات کے ذمہ داران بھی سابقہ حکمران ہی ہیں۔

اس موقع پر وائس چیئرمین مرکزی بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان وقاص گجرنے کہا کہ این اے 109 کے عوام اپنے ایم این اے چوہدری فیض اللہ کموکا کی کارکردگی سے مطمئن نظر آتے ہیں کیونکہ ان کی کوششوں سے حلقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو رہے ہیں اور کارکنوں کو عزت و مقام مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کہ انہیں یقین ہے کہ حلقے کے عوام آئندہ بھی چوہدری فیض اللہ کموکا کو ہی ووٹ دیں گے اور انہیں کامیاب کروائیں گے۔ اس موقع پر چوہدری کلیم اللہ کموکا، وائس چیئرمین مرکزی بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان وقاص گجر،اعجاز گجر، رانا ندیم،رانا رفیق اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات