Live Updates

پچھلی حکومتوں پر الزامات لگا کرحکومت اپنی ذمہ داریوں سے بھاگنے کی ناکام کوشش کررہی ہے، امیر حیدر خان ہوتی

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پچھلی حکومتوں پر الزامات لگا کرحکومت اپنی ذمہ داریوں سے بھاگنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے والوں نے پاکستان کوتین سال میں مزید پندرہ ہزار ارب کامقروض کردیا ہے۔بلدیاتی انتخابات سے قبل ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پر مزید عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

عوام نااہل حکمرانوں کی شکل میں مسلط عذاب کو بھولے نہیں ہیں، بلدیاتی انتخابات میں اپنا بدلہ ووٹ سے لیں گے۔تحصیل پشتخرہ اور تحصیل بڈھ بیر کے مشترکہ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کو جن حالات میں صوبے میں حکومت ملی اس سے سب واقف ہیں۔

(جاری ہے)

ریاست کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا کا ہر کونہ دہشتگردی کی آگ میں جل رہا تھا۔

پختون بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنے کیلئے سکولوں کو بموں سے اڑایا جارہا تھا۔ جنازے، حجرے،مساجد اور بازار محفوظ نہیں تھے اور ایک پرائی جنگ میں پختونوں کا خون بہایا جارہا تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان اور ذمہ داران نے جس بہادری اور ہمت سے ان حالات کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے تمام نامساعد حالات کے باوجود عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی۔

طرح طرح کی سازشیں کرکے باچا خان کے پیروکاروں کو ڈرانے کی کوشش کی گئی لیکن اے این پی کارکنان کے جذبیکو شکست نہ دے سکی۔دہشتگرد ایک سکول کو بموں سے اڑاتے باچا خان کے پیروکار چار مزید تعمیر کردیتے۔ محض پانچ سال میں صوبہ بھر میں ڈگری کالجز اور یونیورسٹیوں کا جال بچھایا۔ اے این پی نیبے نام صوبے کو خیبر پختونخوا کی شکل میں نام دیا۔ حالت جنگ میں رہ کر صوبے کے بجلی کے منافع اور این ایف سی ایوارڈ کے اجرا کو ممکن بنایا۔

اٹھارہویں آئینی ترمیم اور صوبائی خودمختاری کی شکل میں آئینی انقلاب صوبے کیلئے اے این پی ہی کا تحفہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جس سازش کے تحت عوامی نیشنل پارٹی کو 2013 میں پارلیمان سے باہر رکھا گیا اس سے سب واقف ہیں۔طرح طرح کے پروپیگنڈے کئے گئے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ آج بے نامی اکاونٹس، فارن جائیداوں اور پانامہ و پینڈورا سکینڈلز بے نقاب ہورہے ہیں لیکن عوامی نیشنل پارٹی کیکارکنان کا کسی بھی سکینڈل میں نام نہیں۔

حالات نے خود ثابت کردیا کہ چور کون ہیں اور اس مٹی اور عوام کے ساتھ مخلص کون ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل ایک دفعہ پھر عوام کو سبز باغات دکھائے جارہے ہیں۔مرکز میں تین سال اور صوبے میں 9 سال سے صاحب اقتدار حکمرانوں نے عوام کو تکالیف اور مشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ آج ریاست مدینہ میں جان بچانے کی ادویات کو بھی عوام کی پہنچ سے دور کردیا گیا ہے۔

پٹرول، گھی، بجلی، گیس ،چینی، آٹے،سبزیوں اور دیگر اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں لیکن جعلی حکمران گھبرانا نہیں کا ورد کررہے ہیں۔ نئے پاکستان میں ہسپتالوں سے ڈاکٹر سے مستعفی ہورہے ہیں اوریونیورسٹی اور کالجز کے اساتذہ اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ سٹاک مارکیٹ روبہ زوال ہے اور معاشی ترقی کا پہیہ رک گیا ہے۔

تبدیلی سرکار نے عوام کو بدحالی اور تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئیبنائی جارہی ہیں اور جعلی حکومت نے ملک کا سارا معاشی نظام مالیاتی اداروں کے سپرد کردیاہے۔ کپتان اور اسکے وزا نے تین سال میں جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔ حالات کا تقاضہ ہے کہ پاکستان اور عمران خان میں کسی ایک کو بچانا ہوگا۔

بلدیاتی انتخابات میں اپنے ہی انتخابی نشان سے بھاگنا حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ اے این پی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار اور میدان میں ہے۔ اے این پی کے نامزد امیدواران حکمران جماعت کو شکست سے دوچار کریں گے ۔ اے این پی کے تمام ذمہ داران و کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کیلئے اپنی بھرپور توانائیاں بروئے کار لائے اورانتخابات کے دن ایک ایک ووٹ کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ انتخابی جلسے سے صوبائی سینئر نائب صدر خوشدل خان ایڈووکیٹ، رکن صوبائی اسمبلی صلاح الدین خان مومند، نامزد امیدوار تحصیل بڈھ بیر غضنفر علی، نامزد امیدوار تحصیل پشتخرہ عبدالحفیظ ایڈووکیٹ ، ضلعی صدر ملک فرہاد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات