Live Updates

ملک میں بےروزگاری نہیں بلکہ معیشت تیزی سے بڑھ رہی ہے، حماد اظہر

عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کم ہوجائیں گی، ماضی کی پالیسیوں کو رد کرکے معیشت کو بچایا، شہبازشریف کہتے تھے کہ مکمل لاک ڈاؤن کردو۔وفاقی وزیرتوانائی کا شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 4 دسمبر 2021 17:55

ملک میں بےروزگاری نہیں بلکہ معیشت تیزی سے بڑھ رہی ہے، حماد اظہر
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2021ء) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں بےروزگاری نہیں بلکہ معیشت تیزی سے بڑھ رہی ہے، عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کم ہوجائیں گی، ماضی کی پالیسیوں کو رد کرکے معیشت کو بچایا، شہبازشریف کہتے تھے کہ مکمل لاک ڈاؤن کردو۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہرنے اپنے ویڈیو بیان میں شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی پالیسیوں کو رد کرکے ہم نے معیشت کو بچایا، کورونا کے دوران شہبازشریف لندن سے آئے تو کہا کہ ملک بند کردو، عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے، یہ کہنا کہ بے روزگاری بڑھ رہی ہے یہ کہنا غلط ہے کیونکہ بےروزگاری نہیں معیشت تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس وقت  پاکستان سمیت پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر آئی ہوئی ہے، عالمی سطح پر قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کم ہوجائیں گی، مہنگائی پر سیاست کرنا درست نہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی حالت اس وقت انتہائی خراب ہے، ملک کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں، حالات کو کنٹرول کرنا ہوگا، حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران معاشی غلطیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مارچ 2020 میں آیا، اس سے پہلے کی بھی حکومتی کارکردگی دیکھ لیں، دنیا میں بھی مہنگائی ہوئی ہے، پاکستان مہنگائی میں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے، جنوبی ایشیاء میں اس وقت پاکستان سب سے مہنگا ملک ہے، ملک کو بچانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، اگر ایسا نہ کیا تو خدانخواستہ ہمیں تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا، میں نے پارلیمنٹ میں بھی مہنگائی کا ذکر کیا۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ حکومت سے کہا عام آدمی پر توجہ دیں مگر کسی نے نہیں سنا، ن لیگی حکومت ختم ہوئی ادائیگیوں اور قرضوں کا حجم 30 ہزار ارب روپے تھا، عمران خان نے کہا تھا  قرضوں میں 10 ہزار ارب روپے کی کمی کریں گے، قرضے کم تو نہ کیا لیکن 39 ماہ میں 20 ہزارارب روپے کے قرضے لیے، ہم نے اگر قرض لیے تو عوامی منصوبوں پر بھی کام کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات