کراچی،سپیشل سیکیورٹی یونٹ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ 2021 جاری کردی

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مجموعی طور پر 65 چھاپے مارے گئے جس کے نتیجے میں 71 ملزمان کو گرفتار کیا گیا

جمعرات 30 دسمبر 2021 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2021ء) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ(ایس ایس یو)نے سالانہ کارکردگی رپورٹ 2021 جاری کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق سال2021 میں سندھ پولیس کے سیکیورٹی اور ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے ماتحت اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے متعدد سنگ میل حاصل کیے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد اور ان کی ٹیم نے امن و امان قائم رکھنے اور عوامی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔

رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو)کے کمانڈوز نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سال2021 میں خطرناک مجرموں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مجموعی طور پر 65 چھاپے مارے گئے جس کے نتیجے میں 71 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے 86 موبائل فونز،05 پسٹل،08 میگزین،09 لیپ ٹاپ، 10 کیمرہ ڈیوائسز،02 ڈی وی آر،02 لاکھ کیش،01لینڈکروزر،01 ٹیبلٹ، 02 کمپیوٹر، 02 کیمیکل سی ایف کی بوتلیں،10 رانڈز،01 والیٹ اور دستاویز برآمد کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے ما تحت اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) نے جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات فراہم کیے اور اسے یقینی بنایا۔اس کے علاوہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے میچز کے دوران بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی زیر نگرانی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ اور سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن نے ایکسپو سینٹر کراچی میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے 24 گھنٹے کرونا ویکسینیشن کا آغاز کیا۔بعد ازاں، پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کے لیے ان کے گھروں پرہی ویکسین لگانے کی سہولت شروع کی گئی۔

یہ فیصلہ پولیس افسران اور اہلکاروں کے اہل خانہ کی سہولت کے لیے کیا گیا تاکہ پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو ویکسین لگائی جا سکے اور انہیں کرونا وائرس سے بچایا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس میں کانسٹیبل، لیڈی کانسٹیبل اور ڈرائیور کانسٹیبل کی آسامیوں کے لیے بھرتی کا عمل جنوری 2021 میں شروع کیا گیا تھا۔ کراچی، حیدرآباد اور سکھر ریجن کے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔

تقریبا 125,000 امیدواروں نے 2000 آسامیوں کے لیے درخواستیں دی تھیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران ایس ایس یو کمانڈوز اور سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں پر مشتمل اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ اور اینٹی رائٹ فورس کا افتتاح کیا۔ فورسز کی تشکیل ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی ہدایت پر کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوزکی ایک بڑی تعداد نے یوم عاشور،چہلم حضرت امام حسینؓ اورشہدا کربلا اور عیدمیلادالنبی ﷺکے موقع پر سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیے۔رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر زچوکنڈی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ڈی آئی جی سیکورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے ایس ایس یوSWAT ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔

یہ سینٹر ماہر اساتذہ کے ذریعے جدیدتقا ضوں پر اہلکاروں کو خصوصی آپریشن، اہم تنصیبات کی حفاظت اور VVIP سیکورٹی کی تربیت فراہم کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق آئی پی اوپاکستان کے صدر ڈی آئی جی سیکیورٹی مقصود احمد کی ہدایت پر پاکستان کے آئی پی او ممبران نے ایس ایس یو کانفرنس ہال میں نیشنل سیکیورٹی ٹریننگ سے متعلق ایک ویبینار میں شرکت کی جس کی میزبانی آئی پی اوافریقن کمانڈکے صدرجناب شعیب آدم اور آئی پی اوٹرینر، انسداد دہشت گردی کے ماہر،سیکیورٹی لیڈراور آئی پی اوافریقی کمانڈنیوزڈیسک کے سربراہ ڈیلانوکیلونے کی۔

رپورٹ کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ سید عمر احمد بخاری، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس، 48ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت اے ایس پیز، مشہور ترک سیریز ارطغرل کے ستارے مسٹرکنگیز کوسکن المعروف ترگت الپ اور نورتین سونمیزالمعروف بامسی بے، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا 03 رکنی وفد جس میں بنجامن کارل اولیور، گرینڈن جیرارڈ اور سٹورٹ اینڈریوبیلی شامل تھے،اطالوی قونصل جنرل ڈینیلو گیرڈینیلا او ر اطالوی پولیس اتاشی لگینو اموروسا، جاپان کے قونصل جنرل توشیکازو اسومورہ اور مختلف وفود نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر زکا دورہ کیا اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں ایس ایس یو کی پیشہ ورانہ مہارت اور اہم کردار کو سراہا۔

رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس کی نمائندگی کرتے ہوئے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی لیڈی کمانڈوز کے ایک دستے نے 23 مارچ 2021 کو اسلام آباد میں منعقدہ 81ویں یوم پاکستان پریڈ میں پہلی بار حصہ لیا۔ آرمی، نیوی، ایئر فورس، پولیس، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس اور دیگر نیم فوجی دستوں نے بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے کے لیے پریڈ میں حصہ لیا۔رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی شوٹنگ ٹیم نے 16 سے 22 اگست تک پولینڈ کے شہر ویچلیس میں منعقدہ ورلڈایکسٹریم شوٹنگ مقابلے 2021 میں شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔

ایونٹ میں 39 ممالک کے 500 سے زائد شوٹرز نے حصہ لیا۔رپورٹ کے مطابق 75ویں یوم آزادی کے موقع پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر میں شوٹنگ کا مقابلہ ہوا جس میں ا سپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈو ارسلان انور اور عبدالشکور نے پہلی اور دوسری اور خواتین کی کیٹیگری میں ایس ایس یوکی سدرہ حسن اور عروبہ نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔سفارتی عملے، قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار اور ایس ایس یو کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈو زنے مقابلے میں حصہ لیا اور شارپ شوٹنگ (ٹائم بانڈ)اور ریپڈ شوٹنگ (مرد/خواتین)میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرز میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لیڈی پولیس کمانڈوز شوٹنگ کا مقابلہ ہوا جس میں لیڈی پولیس کمانڈو عروبہ نے پہلی، لیڈی پولیس کمانڈو طیبہ نے دوسری اور لیڈی پولیس کمانڈو ایمن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی ہدایت پر ایس ایس یو کی جانب سے سیلف ڈیفنس اینڈ فائر آرمز سیفٹی کورس کا آغاز کیا گیا جس میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا اور مختلف محکموں کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

کورس کا مقصد افراد کو کسی بھی ہنگامی صورتحال یا دہشت گردانہ حملے کی صورت میں مختلف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا تھا۔ تربیت کے دوران انہیں مارشل آرٹس، فائرنگ اور مختلف اقسام کے ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں بتایا گیا۔رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 81 کمانڈوز نے کراچی کے نیول اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر میں اسپیشل سروسز گروپ(نیوی)سے 8 ہفتوں کے انسداد دہشت گردی کورس کی تربیت مکمل کی۔

تربیتی ماڈیولز میں سیلف ڈیفنس،کلوزکوارٹرکمبٹ، ریپیلنگ، بیسک ایکسپلوسلواور جدید چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق اسپیشلائزڈ تربیت شامل تھی اس کے علاوہ سیکیورٹی اینڈایمرجنسی سروسزڈویژن کے 60 سے زائد اہلکاروں بشمول ایس ایس یوکمانڈوزاور مددگار15 کے اہلکاروں نے فائرسیفٹی اینڈپری وینشن اویئرنیس کی تربیت سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی کے فائرڈپارٹمنٹ سے حاصل کی۔

رپورٹ کے مطابق یوم شہدا پولیس کے موقع پر ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں سلامی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے اعلی افسران اور پولیس اہلکاروں نے پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شرکت کی۔ ایس ایس یو کمانڈوز کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی۔رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس اور ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی ہدایات پر لیڈی کمانڈوز سمیت ایس ایس یو کمانڈوز نے یوم آزادی کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔

رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوزنے مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کی۔جن میں کک باکسنگ، مارشل آرٹس، اسکیٹنگ اور میراتھون شامل تھے۔رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی ہدایت پر اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ مشہور کنسلٹنٹس نے میڈیکل کیمپ میں کراچی پولیس کے پولیس افسران اور اہلکاروں کا مفت طبی معائنہ کیا۔