Live Updates

حکومت 3 مہینوں کے اندر مہنگائی کا خاتمہ کر دے گی،شیخ رشید

اپریل کے مہینے میں مہنگائی کی صورتحال بہت بہتر ہوگی، اب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرمستحکم ہوگی، آئی ایم ایف مجبوری تھی کیونکہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 جنوری 2022 19:34

حکومت 3 مہینوں کے اندر مہنگائی کا خاتمہ کر دے گی،شیخ رشید
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری 2022ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت 3 مہینوں کے اندر مہنگائی کا خاتمہ کر دے گی، اپریل کے مہینے میں مہنگائی کی صورتحال بہت بہتر ہوگی، اب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرمستحکم ہوگی، آئی ایم ایف مجبوری تھی کیونکہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی آئی ایم ایف میں جانا پسند نہیں کرتا، خوشی سے کوئی بھی آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا، کل 23 ویں دفعہ آئی ایم ایف میں گئے، وزیراعظم عمران خان اگلے ماہ چین جارہے ہیں، احساس پروگرام کے تحت 180 ارب روپے ایک کروڑ 50 لاکھ افراد میں تقسیم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہو گی، اپنے علاقے کے لوگوں سے جو وعدے کئے تھے ان پر کام شروع ہونے جا رہا ہے، لوگ ان چوروں کو جیلوں میں دیکھنا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف مجبوری ہے، کوئی اور راستہ نہیں تھا، ملک کا معاشی و اقتصادی مسئلہ ہمیں جہیز میں ملا، 3 سے 4 مہینے کے اندر مہنگائی کا خاتمہ کر دیں گے، اپریل کے مہینے میں صورتحال کافی بہتر ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوازشریف آنا چاہیں تو آئیں نہ آنا چاہے تو نہ آئیں، چاروں شریف پاکستان کی سیاست سے مائنس ہے، شہبازشریف نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں ہمیشہ نمبر ون سے دوستی اور نمبر ون سے ہی لڑائی کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن اندھی وہیل مچھلیاں ہیں، یہ چاہتے ہیں جو ہاتھ عمران خان کے سر پر رکھا گیا ہے وہ ان کے سر پر بھی رکھا جائے، وہ ہاتھ ان کی گردن پر تو آئے گا لیکن ان کے سر پر نہیں آئے گا، عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مری کا واقعہ صوبائی مسئلہ ہے میں انسانی بنیادوں پر وہاں گیا تھا، صوبائی مسئلے پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ راولپنڈی والوں کیلئے خوشخبری ہے کہ نالہ لئی منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات