ہندوستان میں ابھرتی انتہاء پسندی اور مسلمان دشمنی کی لہر ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے کردے گی‘سردار عتیق احمد خان

اتوار 23 جنوری 2022 14:15

مظفرآباد/ حاصل پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان ہندوستان میں ابھرتی انتہاء پسندی اور مسلمان دشمنی کی لہر ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے کردے گی اور کشمیر کو قبضے میں رکھنے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگی، کشمیر ی عوام نے پاکستان کا پرچم ایک صدی سے اٹھا رکھا ہے اب بھی وہ اسی پرچم کی خاطر سینوں پر گولیاں کھارہے ہیں، کشمیر کے عوام پاکستان کے دفاع اور بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حاصل پور میں جاوید احمد سلہریا کی طرف سے دیے گئے عشائیہ کے موقع پر تقریب سے کیا مقبوضہ کشمیر میں نریندرا مودی کے اقدامات نے انسانیت کے لئے خطرات پیدا کر دیئے ہیں، ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والا سلوک مودی ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے، اب امریکہ اقوام متحدہ اور خطہ کی بڑی طاقتوں بڑی طاقتوں چین اور روس کو مل کر اس مسئلے کا پائیدار حل نکالنا چاہیے،ہندوستان مشوروں اور تجویزوں سے اپنا رویہ درست نہیں کرے گا اس کے لیے اقتصادی اور عسکری پابندی لگانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انسانیت کے قتل عام کا تماشہ دیکھنا صریحا ناانصافی ہے،اب عالمی طاقتوں کو ہندوستان پر دباؤ ڈالنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے لیے اخلاقی سہارا ہے،پاکستان نے خطرات کی پرواہ کیے بغیر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہندوستان کے مظالم کے خلاف عالمی مہم کا سلسلہ شروع کیا جانا لازم ہوچکا ہے۔

اس سے ہندوستان پوری طرح دنیا میں بے نقاب ہوجائے گا۔تقریب میں معروف روہانی معالج عثمان غنی بھی موجود تھے اس سے قبل سردار عتیق احمد خان جب حاصل پور پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا ،بعد ازاں ڈاکٹر ظفر اقبال خرم کی رہائش گاہ پر قائد مسلم کانفرنس کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی دراز عمر کیلئے دعا بھی کی گئی۔