سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد، سابق ایم این اے انتقال کر گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب، بلاول بھٹو اور دیگر سیاسی رہنماوں کا ملک غلام نور ربانی کھر کے انتقال پر اظہار افسوس

muhammad ali محمد علی پیر 24 جنوری 2022 23:48

سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد، سابق ایم این اے انتقال کر گئے
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2022ء) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد، سابق ایم این اے انتقال کر گئے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب، بلاول بھٹو اور دیگر سیاسی رہنماوں کا ملک غلام نور ربانی کھر کے انتقال پر اظہار افسوس۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد پیر کے روز انتقال کر گئے۔

ملک غلام نور ربانی کھر سابق این اے اے رہ چکے تھے، ان کا شمار ملک کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زر داری نے سابق ایم این اے ملک غلام محمد نور ربانی کھر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو نے حنا ربانی کھر سمیت تمام سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلام محمد نور ربانی کھر پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔

(جاری ہے)

دعاگو ہیں اللہ تعالیٰ مرحوم غلام محمد نور ربانی کھر کو اپنے جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔پی پی پی چیئرمین نے سوگوار خاندان کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق ممبر قومی اسمبلی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم ملک غلام محمد نور ربانی کھر کیلئے مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکن حنا ربانی کھر کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بھی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد سینئر سیاستدان ملک غلام نور ربانی کھر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمززدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔