کراچی میں سیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور سیاسی کارکنان کی پولیس سے جھڑپ کے بعد پی ایس ایل ٹیموں کے پریکٹس سیشن منسوخ

بدھ کی رات 4 ٹیموں کو پریکٹس کرنا تھی، معین خان اکیڈمی میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا پریکٹس میچ، نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کی نیٹ پریکٹس شیڈولڈ تھی

muhammad ali محمد علی بدھ 26 جنوری 2022 23:30

کراچی میں سیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور سیاسی کارکنان کی پولیس سے جھڑپ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2022ء) کراچی میں سیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور سیاسی کارکنان کی پولیس سے جھڑپ کے بعد پی ایس ایل ٹیموں کے پریکٹس سیشن منسوخ۔ نجی ٹی وی چینل جی این این نیوز کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز شہر میں سیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور پولیس سے جھڑپوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ٹریفک کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل ٹیموں کا پریکٹس شیڈول منسوخ کردیا گیا۔

بدھ کی صبح لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں صبح کے سیشن میں پریکٹس کی تھی۔ پریکٹس کے بعد ٹیموں کو ٹریفک جام سے بچانے کے لیے روٹین کے راستے کے بجائے متبادل راستے سے اسٹیڈیم سے ہوٹل واپسی کا سفر کرایا گیا۔ جبکہ بدھ کی رات 4 ٹیموں کو پریکٹس کرنا تھی۔

(جاری ہے)

معین خان اکیڈمی میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا پریکٹس میچ، نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کی نیٹ پریکٹس شیڈولڈ تھی۔

واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز کل جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا، جہاں ایک مختصر افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔بحیثیت کپتان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ، 20، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم ایونٹ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔

ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ان کے مدمقابل قومی کرکٹ ٹیم میں ان کے ساتھی اوپنر اور کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے محمد رضوان ہوں گے، جو ملتان سلطانز کی قیادت کرتے ہوئے اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لیگ کے کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا، جہاں کل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں شامل 19 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔