Live Updates

لیول ہے! نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 7 کا شاندار افتتاح

رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ کے درخشاں ماضی کی یاد تازہ کی گئی، وزیر اعظم کا خصوصی پیغام نشر کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 جنوری 2022 19:12

لیول ہے! نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 7 کا شاندار افتتاح
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2022ء) لیول ہے! نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سماں بندھ گیا، رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے انعقاد سے پی ایس ایل 7 کا آغاز ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ سحر انگیز افتتاحی تقریب کے انعقاد سے پاکستان سپر لیگ 7 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ کے درخشاں ماضی کی یاد تازہ کی گئی۔

بڑی اسکرین پر قومی ٹیم کے شاندار سفر کو نشر کیا گیا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے ویڈیو میں پاکستان کرکٹ کی تاریخ بیان کی۔ دستاویزی فلم میں ابتدا سے اب تک عظیم کھلاڑیوں اور سپر اسٹارز کی شاندار کارکردگی کو اجاگر کیا گیا۔ دستاویزی فلم کے بعد پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، پیراگلائیڈرز نے 5ہزار فٹ کی بلندی سے ڈائیو لگائی اور اسٹیڈیم میں اترے تو اسٹیڈیم تماشائیون کی تالیوں سے گونج اٹھا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے بعد گلوکاروں نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔ جبکہ افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی نشر کیا گیا، آتشبازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب پولیس نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچزکے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا۔

ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اور ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق جمعرات سے شروع ہونیوالے پی ایس ایل7 کے سلسلے میں سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔مجموعی طورپر 5650 پولیس اہلکارسیکیورٹی پر تعینات ہوں گے، ایس ایس یو کی1200 کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کی1700، ٹریفک پولیس کے 1500، اسپیشل برانچ کی500، ریپڈ رسپانس فورس کے 250اہلکار، سندھ رینجرزکے جوان اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گرائونڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے کمانڈ اینڈکنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی جائے گی جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔جدید تربیت یافتہ اورجدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوزپرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (ایس ڈبلیواے ٹی) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یوہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہے گی عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرشاہ سلیمان روڈکے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں، شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Live عمران خان کی احتجاجی تحریک سے متعلق تازہ ترین معلومات