Live Updates

پی ایس ایل میچز دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے شائقین پر سخت شرائط عائد

ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا، حکام نے خبردار کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 جنوری 2022 20:18

پی ایس ایل میچز دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے شائقین پر سخت شرائط ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2022ء) پی ایس ایل میچز دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے شائقین پر سخت شرائط عائد، ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا، حکام نے خبردار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچ دیکھنے کیلئے شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ۔

حکام کی جانب سے شائقین کر خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے میچ دیکھنے کے لیے شائقین کو این سی او سی کے منظور کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔ کوئی بھی آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکا خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار آلہ جیسے چاقو اور دھات یا لکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کسی بھی بینر،پوسٹر،پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے، کرکٹ شائقین کوگرائونڈ، فنکاروں اور ساتھی تماشائیوں پرکسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز شہر قائد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ سحر انگیز افتتاحی تقریب کے انعقاد سے پاکستان سپر لیگ 7 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ کے درخشاں ماضی کی یاد تازہ کی گئی۔ بڑی اسکرین پر قومی ٹیم کے شاندار سفر کو نشر کیا گیا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے ویڈیو میں پاکستان کرکٹ کی تاریخ بیان کی۔ دستاویزی فلم میں ابتدا سے اب تک عظیم کھلاڑیوں اور سپر اسٹارز کی شاندار کارکردگی کو اجاگر کیا گیا۔ دستاویزی فلم کے بعد پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، پیراگلائیڈرز نے 5ہزار فٹ کی بلندی سے ڈائیو لگائی اور اسٹیڈیم میں اترے تو اسٹیڈیم تماشائیون کی تالیوں سے گونج اٹھا۔ افتتاحی تقریب کے بعد گلوکاروں نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔ جبکہ افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی نشر کیا گیا، آتشبازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات