شہباز شریف اور بلاول زرداری ’’تیرا غم میرا غم ایک جیسا صنم‘‘ کی زندہ مثال ہیں‘فیاض الحسن چوہان

پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے خلاف سازش کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے‘فیاض الحسن چوہان

ہفتہ 5 فروری 2022 21:09

شہباز شریف اور بلاول زرداری ’’تیرا غم میرا غم ایک جیسا صنم‘‘ کی زندہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2022ء) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ دونوں رہنما ’’تیرا غم میرا غم ایک جیسا صنم، ہم دونوں کی ایک کہانی‘‘کی زندہ مثال ہیں۔ انکا غم اقتدار سے دوری اور انکی کہانی کرپشن کی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا سب جانتے ہیں کہ اپوزیشن کا اتحاد ریت کی دیوار سے زیادہ کمزور ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے خلاف سازش کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، اور اپوزیشن جماعتوں کی ملاقاتیں بھی شاید ایک دوسرے کی جاسوسی کرنے کا ایک بہانہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کی روز افزوں ترقی نے غیر متحدہ اپوزیشن کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ ساڑھے تین سال ہو گئے، اپوزیشن حکومت کے خلاف آپس میں صلاح مشورے کرنے سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ آئندہ بھی اپوزیشن باتیں ملاقاتیں، حکومت عوامی خدمت کرتی رہے گی۔ وزیرِ جیل خانہ جات نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔ کشمیر کاز کو دانستہ نقصان پہنچانے والی ن لیگ کو حکومت پر تنقید زیب نہیں دیتی۔