عالمی یوم القدس، لاہور کی تاریخی مال روڈ پر تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام القدس ریلی نکالی گئی

جمعہ 29 اپریل 2022 23:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2022ء) عالمی یوم القدس کے موقع پر لاہور کی تاریخی مال روڈ پر تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کی جبکہ ریلی میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مشائخ عظام نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں باحجاب خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ ارض مقدس فلسطین پر صہیونزم کی یلغار، اسلام اور مسلمانوں کے قلوب پر ایک دیرینہ زخم ہے جس میں روز بروز شدت لائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسکے مقابلے میں مسلمانوں کی توجہ کا رخ اول تو مذمتی حد تک ہے اور مذمت کا رخ بھی اسرائیل کی طرف ہے باقی اس ظلم کے شرکاء جرم ، اصل بانی ، محرک اور سہولت کاروں کا کہیں بھی ذکر نہیں آتا اور سب اس بات کو فراموش کر دیتے ہیں کہ یہ ستم یہاں تک پہنچا کیسے ہے۔

انکا کہنا تھا یہ خونخوار بھیڑیا برطانیہ کا لگایا ہوا شجرئہ خبیثہ ہے اور امریکہ نے اس کی پرورش کی ہے ان تمام ممالک کے ساتھ پاکستان سمیت تمام مسلمان ممالک کی دوستی ہے یہ بات بھی طے ہے کہ جو کچھ بھی پہلے غزہ میں ہورہا تھا وہ ان عرب ممالک کے تعاون سے ہو رہا ہے اور جو ابھی ہو رہا ہے وہ مکمل طور پر انہی کی ایما پر ہو رہا ہے۔صہیونزم کی یلغار سے فلسطینیوں کا سینہ جبکہ خیانت و منافقت سے پشت زخمی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ مغربی حکومتوں اور یہودی سرمایہ داروں کا صیہونی حکومت کی تشکیل کا اصلی مقصد مغربی ایشیا میں اپنے دائمی رسوخ اور موجودگی کے لئے ایک اڈا قائم کرنا ہے۔ دنیا کے نقشے پر ناجائز وجود پانے والی ریاست کو امام راحل امام خمینی نے مسلمانوں کے قلب میں خنجر سے تعبیر کیا تھا اور امت کو اس کی آزادی کی راہ جہاد کی صورت دکھائی۔

انکا کہنا تھا کہ غاصب صہیونیت کی خبیثانہ سیاست کے سدباب کے لئے تمام اسلامی ممالک اور خاص طور پر عرب ممالک میں نوجوانوں کو امام خمینی کی سفارشات کو نظر سے دور نہیں ہونے دینا چاہئے۔ آج لاکھوں فلسطینی فکر، تجربے اور خود اعتمادی کی اس منزل پر پہنچ چکے ہیں کہ اس عظیم جہاد کے لئے انھوں نے کمر ہمت باندھ لی ہے، انھیں نصرت خداوندی اور حتمی فتح کا یقین رکھنا چاہئی.انکا کہنا تھا کہ جعلی صہیونی حکومت نے اپنے اہداف طفل کشی، قتل و غارت، آہنی مکے اور تشدد کی مدد سے حاصل کرنے کی کوشش کی ہے اور اس بات کو ڈھٹائی سے بیان بھی کرتے ہیں۔

اسرائیلی جرائم کو ختم کرنے کا واحد ذریعہ اس ریاست کا خاتمہ ہے۔ ایسی ریاست جو کسی کی سوچ اور تخیل سے بعید جرائم کا ارتکاب کرتی ہے کے مقابلے کا واحد ذریعہ پر عزم اور مسلح مقابلہ ہے۔ علامہ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان ممالک کی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کا مرکز مسئلہ فلسطین کو ہونا چاہئے چونکہ قدس شریف کے محور پر مسلمانوں کی ہم آہنگی اور تعاون صیہونی دشمن اور اس کے حامی امریکا اور یورپ کے لئے وحشت ناک ہی. انہوں مسلم اقوام، حکام، روشن فکر دانشور، علمائے دین، جماعتوں، تنظیموں، غیور نوجوان اور دیگر طبقات، سے اپیل کی کہ فلسطینیوں کی حمایت میں اپنے اپنے طور پر اس ہمہ گیر تحریک میں شامل اور سرگرم ہو جائیں چونکہ صیہونی حکومت اس علاقے کے لئے ایک مہلک اضافہ اور سراپا نقصان ہے جو بلا شبہ ختم اور نابود ہو جائے گی اور ان لوگوں کے ہاتھ صرف ذلت اور بدنامی لگے گی جنہوں نے اپنے تمام وسائل اس استکباری سیاست کے لئے وقف کر رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر ’’القدس ریلیز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں القدس ریلیاں منعقد ہوئیں۔ لاہور ریلی سے ناظم اعلی نظام المدارس منہاج القرآن انٹرنیشنل جناب علامہ میر آصف اکبر، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ علامہ محمد مخدوم عاصم ،چیئرمین سنی فورم علامہ اصغر عارف چشتی ، آستانہ عالیہ سندر شریف و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان پیر محمد حبیب عرفانی، سربراہ جامعہ بیت القرآن علامہ مفتی سید عاشق حسین ، اور چیئرمین قومی امن کمیٹی پاکستان ڈاکٹر سید محمود غزنوی نے بھی خطاب کیا