مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی گئی

میرواعظ مولوی فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش

ہفتہ 21 مئی 2022 23:58

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور حول قتل عام کے شہداء کی برسیوں کے موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے دی جانے والی ہڑتال کی کال کا مقصد کشمیری حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی مقبوضہ جموںوکشمیراور بھارت کی جہنم نما جیلوں میں غیر قانونی نظربندی کے خلاف احتجاج درج کرانا بھی تھا۔

قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت مخالف ریلیاں نکالنے اور شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے مزار شہداء عید گار سرینگر جانے سے روکنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کر دیں اور بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کردیے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں ریلیاں نکالیں اور تحریک آزادی کشمیر کے تمام شہداء کی فاتحہ خوانی کے لیے مزا ر شہداء پر جائیں۔

نامعلوم مسلح افراد نے میر واعظ مولوی محمد فاروق کو 1990میں آج کے دن سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ اسی روز سرینگر کے علاقے حول(Hawal) میں بھارتی فوجیوں نے ان کے جنازے کے شرکاء پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔12برس بعد 2002میں اسی دن نامعلوم مسلح افراد نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت شہید کردیاتھا جب وہ مزار شہداسرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد واپس لوٹ رہے تھے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تحریک آزادی میں شہید قائدین کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، عوامی مجلس عمل، یونائیٹڈ ڈیموکریٹک حریت فرنٹ ،زمرودہ حبیب اور میرشاہد سلیم سمیت حریت تنظیموں اور رہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور اپنی جدوجہد آزادی کوہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

دریں اثناء کشمیری پنڈتوں نے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں اپنے ساتھی راہول بٹ کے قتل کے خلاف آج سرینگر میں ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے جھوٹے الزامات میں سزا سنائے جانے کے خلاف برمنگھم میںاحتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کی۔ادھردہلی یونیورسٹی کے ایک دلت پروفیسر ڈاکٹر رتن لال کوپولیس نے بھارتی دارالحکومت میں گرفتار کر لیا۔ ان کے خلاف وارانسی(Varanasi) کی گیان واپی مسجد میں مبینہ شیولنگ کی دریافت کے دعوے کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر مقدمہ درج کیا گیاتھا۔