جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہڑتال کی حمایت

پیر 23 مئی 2022 19:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی برادری کو متحرک کرے کہ وہ کشمیریوںکو قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تباہ ہونے سے بچائے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں دنیا کی انصاف پسندا قوام سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کریں کیونکہ کشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کو قتل کیے جانے کے خطرے کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہونے کے ناطے پاکستان کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو لاحق خطرے سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

حریت رہنما نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنے سفارتخانوں میں کشمیر سیلز کو فعال کرے۔دریں اثنا ء جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے کل دی گئی ہڑتال کال کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ حریت رہنماوئں کی مسلسل نظربندی اور محمد یاسین ملک کو این آئی اے عدالت کی طرف سے سزا سنائے جانے کے خلاف کل مکمل ہڑتال کریں۔

ا نہوں نے جے کے ایل ایف کے سربراہ کے خلاف یکطرفہ ٹرائل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو منصفانہ ٹرائل کا موقع نہ دینے کی بھارتی عدلیہ کی ایک تاریخ رہی ہے۔انہوں نے جے کے ایل ایف کے بانی شہید مقبول بٹ اورشہید محمد افضل گورو کے عدالتی قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ دونوں کو غیر منصفانہ ٹرائل اور سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے مقدمات میں سزائے موت دی گئی جو کشمیریوں کے خلاف بھارتی عدلیہ کے تعصب اور بددیانتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، نعیم احمد خان اور فاروق احمد ڈار سمیت دیگرحریت رہنمائوں پر فردجرم عائد کرنامزاحمتی تحریک کو دبانے اور اسے قیادت سے محروم کرنے کے بی جے پی کے مذموم منصوبے کا حصہ ہے۔