یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منانے پر حریت کانفرنس کا پاکستانی عوام و حکومت سے اظہار تشکر

ہفتہ 6 اگست 2022 16:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2022ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے کے محکوم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 5اگست کو یوم استحصال کشمیر بھر پور طریقے سے منانے پر حکومت پاکستان ، پاکستانی عوام اور بیرون دنیا بسنے والے پاکستانی و کشمیری تارکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہر مرحلے اور ہر آزمایش پر کندھے سے کندھا ملا کرحقیقی محسن بن کرکشمیریوں کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہ اس مرتبہ 5اگست کو یوم استحصال منا کر دنیا خاص کر بھارت کو یہ واضع پیغام دیا کہ آزادی کی اس تحریک پر پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر ہمالیہ کی مانند کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہا کہ 5 اگست کشمیر کی تاریخ کا ایک نہایت ہی دردناک دن ہے جب مودی حکومت نے نے اکیسویں صدی کی اس مہذب دنیا میں کشمیریوں سے ان کے رھے سہے حقوق بھی چھین کر پوری انسانیت کی تذلیل کیااورمقبوضہ علاقے کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت ایک ایسا شب خون مارااور ایسے مظالم ڈھائے جنکی نظیر ملنا مشکل ھے۔

انہوںنے 5اگست 2019سے اب تک بھارتی فوجیوںنے سینکڑوں کشمیریو کو قتل کیا،ہزاروں لوگوں کو گرفتار کرکے دور دراز کی بھارتی جیلوں میں قید کیا گیا،سینکڑوں گھروں کو مسمار کیا،سینکڑوں لوگوں کو سرکاری ملازمت سے برطرف کیااور آزادی اظہار ر پر ایسی سنگین قدغن لگائی جس کی جدید دنیا میں مثال نہیں ملتی۔انہوںنے کہا کہ بھارت کا اصل مقصد مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے تاہم بھارت کے اس تمام تر ظلم وستم اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ حق خود ارادیت کی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔

مولوی بشیر احمد عرفانی نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی ظلم و ستم کو ختم کرانے میں اپناکردار ادا کریںاور کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دلائیں ۔