Live Updates

ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرنا کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے جرم ہے، نثار کھوڑو

عمران خان سیاسی جماعتوں کی قیادت سے مقدمات ختم کرنے کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں،صدر پیپلزپارٹی سندھ

اتوار 7 اگست 2022 20:05

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدرسینیٹر نثاراحمدکھوڑو نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرنا کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے جرم ہے،عمران خان سیاسی جماعتوں کی قیادت سے مقدمات ختم کرنے کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں۔لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان سیاسی قیادت کو پیغامات بھجوا رہے ہیں کہ کیس نہ بنائے جائیں اور انتخابات وقت پر کروائیں، اتنا بڑا فارن فنڈنگ کیس ثابت ہونے کے بعد عمران خان نااہلی سے بچ نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی احتجاج کی کال اداروں پر دبائو ڈالنے کے لیے ہے، کسی کی ڈکٹیشن پر نہ چلنے کی باتیں کرنے والے عمران خان اب چیف الیکشن کمشنر کی تقرری اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر کرنے کا دعوی کر کے پھر اسٹیبلشمنٹ کو ملوث کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان کا بنایا ہوا صدر عارف علوی عمران خان کے بیانیے کی نفی کرتا ہے، عارف علوی کا یہ کہنا ہے کہ عدم اعتماد کے پیچھے کسی کا اشارہ نہیں تھا معنی خیز ہے، عارف علوی نے عمران خان کے سازشی بیانیے کو جھوٹ ثابت کر دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان تضاد کا مجموعہ ہے،بیرون ممالک سے پی ٹی آئی کو خیراتی چندہ دینے والے اب پی ٹی آئی سے اپنے پیسے واپس کرنے کے مطالبے کر رہے ہیں، بیرون ملک سے کروڑوں ڈالرز عارف علوی، عمران اسماعیل سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کے اکانٹس میں آتے رہے اور وہ اکائونٹس چھپائے گئے۔انہوں نے کہاکہ خواجہ ناظم الدین، ایوب کھوڑو، سمیت دیگر بانیان پاکستان نا اہل ہو سکتے ہیں تو عمران خان کیوں نہیں پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے استعفے دے دیئے مگر محمد میاں سومرو سمیت دیگر پی ٹی آئی کے لوگ چھٹی کی درخواستیں پارلیمنٹ میں اسپیکر کو بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان 9 حلقوں پر انتخابات لڑنے کا اعلان کرتے ہیں تو دوسری طرف شام کو عدالت میں انتخابات ملتوی کرانے کے لیے درخواست دائر کرتے ہیں، فوزیہ قصوری کے بیان کے بعد عمران خان کینیڈا سے حاصل کیے گئے 3لاکھ ڈالرز کا قوم کو حساب دیں، عمران خان صادق امین نہ ہونے کے ساتھ قوم کا مجرم بھی ثابت ہو چکا ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اکثریت حاصل ہے اور پارلیمنٹ اپنی قانون سازی کر رہی ہے، پی ٹی آئی کے پاس ملک میں بھونچال پیدا کرنے کے علاہ کچھ نہیں ہے، موجودہ حکومت کو چوں چوں کا مربہ کہنے والے عمران خان کی حکومت بھی چوں چوں کا مربہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو منتشر کیا مگر سیاسی قوتوں نے 13 جماعتوں کو یکجا کیا، پنجاب میں عمران خان کا نہیں ق لیگ کا وزیراعلی ہے، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہونے کے بعد اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم کی جائیں گی۔نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک میں موجود غیر ملکی تارکین وطن غیر قانونی ہیں جن کو نکالنے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے جو کے پی کے سمیت دیگر صوبوں کے پاکستانی شہری ہیں وہ ملک کے کسی بھی صوبے میں جا سکتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات