مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے دو نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا

جمعہ 30 ستمبر 2022 22:56

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2022ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران دو بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جمعہ کو فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع بارہمولہ کے علاقے یادی پورہ پٹن میں محاصرے اور تلاشی کی ایک نام نہاد کارروائی کے دوران جعلی مقابلے میں شہید کیا۔

مقامی لوگوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فوجیوں نے چند روز قبل گرفتار کیا تھا اور آج انہیں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔ فوجیوں نے علاقے میں ایک رہائشی مکان بھی تباہ کر دیا، فوجیوں نے ضلع شوپیاں کے علاقے چتر گام میں بھی محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناءقابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل نظر بند رکھا اور انہیں آج ایک مرتبہ پھر سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔

میرواعظ 5 اگست 2019 ء سے گھر میں نظربند ہیں ، جب نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما حسنین مسعودی نے سرینگر میں قانونی ماہرین اور وکلاکے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ نیشنل کانفرنس مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر آئینی فیصلوں کو منسوخ کرانے کے لیے تمام قانونی اور جمہوری ذرائع استعمال کرتے ہوئے اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔

ادھر بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ہندوتوا تنظیم بجرنگ دل کے کارکنوں نے روایتی رقص دیکھنے پر مسلمان نوجوانوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہندوتوا کے غنڈے مسلم نوجوانوں کو بری طرح مارپیٹ رہے ہیں۔ یہ واقعہ منگل کی رات پیش آیا ہے لیکن پولیس تاحال حملہ آوروں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

بھارت کی انسانی حقوق کی سرکردہ تنظیم پیپلز یونین فار سول لبرٹیز کے جنرل سیکرٹری وی سریش نے نئی دہلی میں جاری ایک بیان میں بھارتی حکومت کی طرف سے مسلم تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پابندی، کریک ڈاو ¿ن اور پی ایف آئی کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی گرفتاریوں جیسے حربے مسلمانوں میں خوف کا احساس پیدا کرنے کی چال لگتے ہیں تاکہ انہیں ڈرایا جا سکے اور انہیں خاموش رکھا جا سکے۔