Live Updates

عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، یوسف رضا گیلانی

جمعرات 20 اکتوبر 2022 16:47

عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، یوسف رضا گیلانی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2022ء) سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے ،عمران خان سیاسی استحکام کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی بجائے معاشی استحکام کے لیے آ گے بڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوا، چرچ آ ف پاکستان جنوبی پنجاب کے بشپ لیوپال،پاسٹر عاطف مشعل،پاسٹر شہزاد جارج،یوتھ صدر چک 13خاور گل،پاسٹر سیموئیل شاہد،چوہدری رشید انجم،مسٹر جواد،چوہدری راحیل انجم کی جانب سے این اے 157 کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی کی کامیابی پر مبارکباد دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسیحی برادری نے سید علی موسیٰ گیلانی کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں ،مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوانے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے آ ج عوام مشکل حالات سے دوچار ہے،حکومت ملک وقوم کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے حقیقی معنوں میں دن رات کوشاں ہے،جلد عوام کو ریلیف ملے گا، پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔

اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی سید احمد مجتبیٰ گیلانی،رکن قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی،سابق رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی،رکن صوبائی اسمبلی سید علی حیدر گیلانی،قاسم گیلانی بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات