رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب کمانڈر گرفتار

جمعہ 21 اکتوبر 2022 17:27

رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2022ء) پاکستان رینجرز (سندھ) اورپو لیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علا قے پرانا گولی مار سے قتل،اقدام قتل،پولیس مقابلے، دہشت گردی اورمنشیات فروشی میں ملوث انتہائی مطلوب لیاری گینگ وار کمانڈر ملزم ساجد عرف ساجد گولی مار کو گر فتار کر لیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملزم 2004میں لیاری گینگ وار کمانڈر عبدالرحمان بلوچ عرف رحمان ڈکیت کے گروپ میں شامل ہوا۔

بعد ازاں 2009میں لیاری گینگ وار کمانڈرعزیر بلوچ کے کہنے پرلیاری گینگ وارپیپلز امن کمیٹی میں شامل ہو کر علاقہ کا کمانڈر مقرر ہوا اور 2016میں ملزم ارشد پپو گروپ میں شامل ہوا۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ 2004سے 2014تک لیاری گینگ وار کی تمام سرگرمیوں بھتہ خوری، منشیات فروشی،غیر قانونی قبضہ،اسلحہ کی ترسیل، پولیس مقابلوں اور15سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا۔

(جاری ہے)

ملزم کراچی آپریشن کے دوران بیرون ملک فرار ہو گیا تھااوروہاں سے اپنا نیٹ ورک چلاتا تھا۔ملزم حال ہی میں واپس آکر اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔ملزم کانام سندھ پولیس کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ریڈ بک میں بھی شامل ہے اور ملزم کے خلاف تھانہ پاک کالونی میں قتل،اقدام قتل، پولیس مقابلے، دہشت گردی اورمنشیات فروشی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ملزم سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔گرفتار ملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔