پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی خاطر لازوال قربانیوں کی تاریخ رکھتی ہے،سینیٹروقارمہدی

شہیدذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو شہید اور محترمہ نصرت بھٹو نے ملک و قوم کی خاطر خود کو قربان کیا،سیدہ شہلارضاء

منگل 6 دسمبر 2022 19:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) ضلع وسطی نیو کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنان نے ضلع وسطی کے صدر سینیٹر سید مسرور احسن کی سرپرستی میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس سلسلے میں نیو کراچی میں جلسے کا انعقاد کیاگیا۔جلسے سے مہمانِ خصوصی سینیٹر و جنرل سکریٹری پی پی پی سندھ وقار مہدی،انفارمیشن سیکریٹری پی پی پی کراچی ڈویژن و منسٹر آف وُومن ڈویلپمنٹ سیدہ شہلا رضا نے خطاب کیا، اس موقع پر ضلع وسطی کے انفارمیشن سکریٹری شہزاد مجید، مقامی سٹی ایریا کے عہدے داران، پیپلز یوتھ ضلع وسطی کے صدر محمد جوادالحسن اور دیگر عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے۔

سینیٹر وقار مہدی نے کہاکہ آج ثابت ہوگیا کراچی قائدعوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کا شہر ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی خاطر لازوال قربانیوں کی تاریخ رکھتی ہے، شہیدذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو شہید اور محترمہ نصرت بھٹو نے ملک و قوم کی خاطر خود کو قربان کیا، آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی کی کامیابی نے واضح کردیا کہ عوام پی پی پی کیساتھ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی پیپلز پارٹی کا گڑھ اور ضلع سینٹرل قلعہ ہے، انشاء اللہ ملک کا مستقبل بلاول بھٹو کے ہاتھ میں ہے اورو ہی آئندہ ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ پیپلزپارٹی وفاق پاکستان میں اتحاد و تنظیم کی ضمانت ہے ،جمہوری و فلاحی ریاست قائداعظم اور قائد عوام کا مشن اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا ویژن تھا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کو اعتدال پسند، ترقی یافتہ اور پر امن جمہوری ریاست بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو پہلا جمہوری آئین دیا اور اپنے منشور پر قائم رہتے ہوئے طاقت کا سرچشمہ عوام کو بنایا ۔شہلارضاودیگر مقررین نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہیدذوالفقارعلی بھٹونے عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی جان کانذرانہ پیش کیا، سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹونے قادیانیوں کوغیرمسلم قراردیا،ایٹمی قوت اورعالم اسلام کومتحدکرنے کی جدوجہدجاری رکھی،عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیربھٹونے پی پی پی کے مشن،وژن کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس پارٹی کی بنیاد غریب محنت کشوں مزدوروں اور کسانوں کو ان کے حقوق کی فراہمی کے لئے رکھی تھی اور آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹوزرداری کے نقش قدم پر اسی منشور کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیںانہوں نے کہا کہ یہ پارٹی اس ملک کی واحد جماعت ہے جو عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور جسکی جڑیںعوام میںہیں،پاکستان کے استحکام اور ترقی میں ہمارے قائدین کا لہو شامل ہیں، ان کے مشن سے کبھی غداری نہیں کریں گے،شہداکے ویژن کو مکمل کریں گے۔