تمام سیاستدان موجودہ ملکی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ‘میاں منظور وٹو

کوئی ایسی غلطی نہ کرے جس سے بعد میں پچھتانا پڑے ،سیاستدان مل بیٹھ کر ملکی یکجہتی کے حوالے سے بات کریں

پیر 19 دسمبر 2022 20:24

پیر دی ہٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2022ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ تمام سیاستدان موجودہ ملکی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور کوئی ایسی غلطی نہ کرے جس سے بعد میں پچھتانا پڑے ،دشمن کے بچھائے ہوئے جال اور سیاسی بصیرت کی کمی کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوگیا اور دنیا کے نقشے پر بنگلہ دیش بن گیا آج تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر قومی پلان بنانا چاہیے اور ملکی یکجہتی کے حوالے سے بات کرنی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ایم این اے دیپالپور میاں محمد حسن خاں وٹو(مرحوم)کے ڈیرہ میں انکے صاحبزادے معروف قانون دان سابق سٹی ناظم دیپال پور میاں شجاع حسن خاں وٹو کی طرف سے ان کے روبصحت ہونے پر انکے اعزاز میں پروقار تقریب میں موجود عمائدین علاقہ، وکلا، صحافیوں، مختلف تنظیموں کے عہدیدران اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف و متوقع ایم پی اے چوہدری طارق ارشاد خاں،امیدوار ایم این اے سید گلزار حسنین شاہ ،تحریک انصاف کے رہنما امیدوار ایم پی اے سردار شہریار موکل، میاں عبدالروف ڈولہ،ضلعی نائب صدر شیخ احمد آف دبئی، سردار سلیم حیدر بیگوکا ، سنئیر صحافی حاجی عبدالرزاق قریشی، سردار افنان خلیل بیگوکا ، پولیٹیکل سیکرٹری رانا گل ناصر ، معروف قانون دان سید کنول رحمان بخاری ایڈووکیٹ، ثنا اللہ خاں کاکڑ،سنئیر صحافی ڈاکٹر محمد شعبان ، عطا محمد پاشا سمیت ورکرز ، کارکنان، معززین علاقہ اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

میاں منظور وٹو نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے کہاتھا کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کشمیر میں استصواب رائے کروانے کے عہد پر کاربند رہے گے اور بار بار اس عہد کا اعادہ کیا تھا کہ کشمیر کا الحاق مختصر مدت کے لیے ہے کشمیری مسلمان حق خودارادیت استعمال کرتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کرے کہ وہ کس کے ساتھ رہنا چاہتے ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرکے بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے ،عالمی اداروں کو اس پر نوٹس لینا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو پاکستان کی تاریخ کے سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا ہے جس دن سانحہ پشاور میں سینکڑوں بے گناہ بچوں کو شہید کردیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے اور ساتھ ہی اسی روز دشمن کے بچھائے ہوئے جال اور سیاسی بصیرت کی کمی کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوگیا اور دنیا کے نقشے پر بنگلہ دیش بن گیا ،آج تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر قومی پلان بنانا چاہیے اور ملکی یکجہتی کے حوالے سے بات کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ آپس میں نفرتیں بڑھانے کی بجائے پیار محبت کی فضا قائم کرنی چاہیے ۔ماضی کے گلے شکوے ختم کرکے پاکستان کے موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے تمام سیاستدان اپنا مثبت کردار ادا کرے کوئی ایسی غلطی نہ کرے کہ ہماری آنے والی نسلوں کو پچھتانا پڑے ۔تقریب سے ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری طارق ارشاد خاں، سید گلزار حسنین شاہ، سردار شہریار موکل نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکا ہے موجودہ وقت میں الیکشن ناگزیر ہے مسلط حکومت الیکشن میں تاخیر کے لیے حیلے بہانے تلاش کر رہی ہے انہیں معلوم ہے کہ اگر یہ الیکشن کا اعلان کرتے ہے تو عبرتناک شکست ان کا مقدر ہوگی آخر میں مہمانان گرامی قدر اور شرکاکے لیے میزبان مکرم میاں شجاع حسن وٹو کی طرف سیپر تکلف شاندار عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔