زرداری اپنے بیٹے کو وزیراعظم بنانے کے لیے ن لیگ کے ساتھ مل کر سندھ کی تقسیم کا سودا کر رہا ہے،زین شاہ

سندھ کو تقسیم کرنا پیپلز پارٹی کے ایجنڈے میں شامل ہے ہم نئے صوبوں کے لیے بنائی ہوئی کمیٹی کو رد کرتے ہیں،صدرسندھ یونائیٹڈ پارٹی

پیر 19 دسمبر 2022 19:45

کراچی /حیدرآباد / جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2022ء) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سیدز ین شاہ نے کہا ہے کہ زرداری اپنے بیٹے کو وزیراعظم بنانے کے لیے ن لیگ کے ساتھ مل کر سندھ کی تقسیم کا سودا کر رہا ہے، اسٹیبلشمنٹ زرداری کے کہنے پر ملک کی تاریخی وحدتوں کو توڑنے سے باز رہے،سندھ کو تقسیم کرنا پیپلز پارٹی کے ایجنڈے میں شامل ہے ہم نئے صوبوں کے لیے بنائی ہوئی کمیٹی کو رد کرتے ہیں،پیپلز پارٹی،پی ایم ایل(ن)اور ایم کیو ایم کے اس سندھ دشمن فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کراس کے خلاف ٹکراو میں آئیں گے، ملک کے مفاد کے لئیے بہتر ہوگا کہ نئے صوبوں کے معاملے کو نہ چھیڑا جائے ایسا نہ ہو کہ کوئی بڑا حادثہ رونما ہو جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ایم سید ایڈیفیس جامشورو میں پارٹی کے مرکزی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

(جاری ہے)

سید زین شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ18 ترمیم کے نام پر صوبائی خود مختیاری کا ڈرامہ کرتی رہی ہے لیکن سندھ اسمبلی میں آ ئین کے آرٹیکل 144 اور147 میں ایگزیکٹو پاور اور قدرتی وسائل کے اختیارات وفاق کے حوالے کرنے کی قراداد پاس کر کے پیپلز پارٹی نے سندھ کے ساتھ غداری کی ہے۔

یہ 2012 کے دہرے بلدیاتی نظام سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی سے یہ قراداد پاس کر کے صوبائی خود مختیاری کو وفاق کے آگے سرینڈر کیاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں من پسند آراوزبھرتی کر کے پری پول دھاندلی کی سازش کی جا رہی ہے۔سید زین شاہ نے کہا کہ اب تک سندھ کے مختلف اضلاع میں سیلاب کے پانی کی نکاسی نہیں کی جا سکی ہے۔

ابھی تک سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا جو کہ شرم ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ 17 جنوری کو سائیں جی ایم سید کی سالگرہ بھرپور طریقے سے سن میں منائی جائے گی جس میں ملکی سطح پر سیاستدانوں اور دوستوں کو دعوت دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں سید زین شا ہ نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کو بے ایمان اور سندھ دشمن جماعت سمجھتے ہیں اور ان کے ساتھ محاز آرائی سندھ کے مفاد میں ہے۔

15 سالوں میں پیپلز پارٹی نے جو سندھ دشمنی کی ہے اور اس سند ھ دشمن زرداری مافیا کاجڑ سے خاتمہ ضروری ہے۔اس موقع پر روشن علی برڑو، جکدیش آوجا،امیر آزاد پھنور،امیر علی تھیبو، جبار اسلامی، خواجہ نوید امین،مختیار میمن،روشن کلہورو، خدا بخش تھیبو، عزیز کینجھرائی، زرعیت بجرانی، فلک شیر اوڈ، بشیر لنڈ رمضان برڑو و دیگر موجود تھے۔