کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج مکمل ہونے کے بعد اب میئر کراچی کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی

بیرسٹرمرتضی وہاب میئرشپ کے لیے پیپلز پارٹی کے انتہائی فیوریٹ امیدوار،سعیدغنی اور نجمی عالم میں فہرست میں شامل جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن میں فیورٹ امیدوار

پیر 16 جنوری 2023 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2023ء) کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج مکمل ہونے کے بعد اب میئر کراچی کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی ہے۔بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ہے جبکہ جماعت اسلامی دوسرے اور تحریک انصاف تیسرے نمبر پر ہے۔بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن)، جے یو آئی(ف)، ٹی ایل پی اور مہاجر قومی موومنٹ بھی کچھ یوسیز پر کامیاب قرار پائی ہیں، اس کے علاوہ یوسیز پر آزاد امیدوار بھی چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔

سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج کے بعد بلدیاتی نظام کیلئے اگلے مرحلے کا آغاز ہوگا، جس میں براہِ راست منتخب ہونیوالے ارکان مخصوص نشستوں کیلئے نمائندوں اور بعد ازاں میئر، ڈپٹی میئر اور ٹائون چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔

(جاری ہے)

کے ایم سی کا ایوان 367 ارکان پر مشتمل ہوگا، جس میں 246 ارکان براہ راست منتخب کئے گئے یو سی چیئرمین ہونگے جبکہ 121 ارکان مخصوص نشستوں پر پارٹی نمائندگی کی بنیاد پر منتخب ہوں گے۔

سرکاری نتائج کے مطابق کراچی کا اگلا میئر پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف میں سے ہی کسی ایک جماعت کا ہوگا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان انتخابات کا بائیکاٹ کرچکی ہے۔مرحوم سیاسی رہنما فوزیہ وہاب اور وہاب صدیقی کے بیٹے مرتضی وہاب پاکستان پیپلز پارٹی کے انتہائی فیوریٹ امیدوار ہوسکتے ہیں، وہ کراچی کے پہلے سیاسی ایدمنسٹریٹر بھی رہ چکے ہیں۔

قیام پاکستان کے بعد کراچی کا کوئی میئر سندھی بولنے والا نہیں رہا، اس لئے قیاس کیا جارہا ہے کہ مرتضی وہاب پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی کے اگلے میئر ہوسکتے ہیں۔سعید غنی کا شمار بھی پیپلز پارٹی کے دیرینہ رہنمائوں میں ہوتا ہے۔ پرویز مشرف کے دور حکومت میں رائج بلدیاتی نظام میں سعید غنی یوسی چیئرمین رہ چکے ہیں۔سعید غنی اس وقت صوبائی وزیر ہونے کے علاوہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔

سید نجمی عالم کا شمار بھی کراچی میں پیپلز پارٹی کے جیالے کارکنوں میں ہوتا ہے۔ سندھ حکومت نے سید نجمی عالم کو 2021 میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا وائس چیئرمین مقرر کیا تھا۔انہوں نے صدر ٹائون یو سی 11 سے خرم شیر زمان کو ہرایا ہے، اس لئے قوی امکان ہے کہ میئر کے امیدواروں کی فہرست میں وہ بھی شامل ہیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی اور شہر قائد کی توانا آواز سمجھے جانے والے حافظ نعیم الرحمان بھی میئر کراچی کیلئے کافی مضبوط امیدوار تھے، تاہم ان کی جماعت انتخابات میں واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکی۔