بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جیت عوام کی جیت ہے،سید نیئر حسین بخاری

منگل 17 جنوری 2023 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نئیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جیت عوام کی جیت ہے اس جیت نے کراچی کے ماضی کے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ رسید کیا ہے،ہم اس شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں یہ کامیابی دی ۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کیلیے جدوجہد کی اور عوام ہی پاکستان پیپلز پارٹی کا محور و مرکز ہیں۔وہ منگل کویہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے سنٹرل سیکریٹریٹ میں انچارج سید سبط الحیدر بخاری کے زیر انتظام کراچی ڈویژن اور اندرون سندھ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی کے جشن میں میڈیا گفتگو اور عوامی اجتماع سے خطاب کر رہےتھے۔

(جاری ہے)

ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یقیناً ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے لیکن یہ ملکی سطح کا نہیں بلکہ عالمی سطح کا بحران ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اتحادی حکومت جلد اس بحران پر قابو پاتے ہوئے مہنگائی کو قابو کرے گی اور انہیں ریلیف دے گے۔سید نئیر حسین بخاری نے کہا کہ ملک کے سابق حکمران ایک بار پھر یو ٹرن لے کر اسمبلی میں شریک ہونا چاہتے ہیں، یہ نالائق شاگردوں کا وہ ٹولہ ہے جو صرف پنسل گھڑنے اور سکے توڑنے کا کام کرتا ہے اب تو پنسل بھی بہت چھوٹی ہو چکی ہے اس ٹولے نے ملک کو عالمی تنہائی میں دھکیلا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان چئیرمین نے اپنی شبانہ روز محنت اور صلاحیت سے شاندار عالمی تعلقات قائم کئے، وزیر خارجہ اسوقت بھی عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ کامیابی سے پیش کر رہے ہیں ۔

عالمی رہنما چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مدبرانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی جیت کا سہرا عوام کے سر ہے اور آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کی طرح ملک بھر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی حکومت قائم کرے گی۔ انچارج سنٹرل سیکریٹریٹ پاکستان پیپلز پارٹی سید سبط الحیدر بخاری کا کہنا تھا کہ صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی عوام کے مسائل حل کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

کراچی میں شاندار کامیابی پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی نتائج نے سیاست کے مستقبل کا رخ متعین کر دیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قوم کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قوم کی امید اور نوجوان قائد ہیں۔ تقریب میں ترجمان سیکرٹری جنرل پی پی پی راجہ نورالہی نائب صدر راولپنڈی ڈویژن نعیم کیانی، ملک اجمل راجہ ،چوہدری کامران ،شعبہ خواتین لیبر ہوتھ پی ایس ایف وکلاء ونگز کے عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔