پشاور پولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکے کا مقدمہ درج

تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیے گئے مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 فروری 2023 19:27

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 فروری 2023ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیے گئے مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ ایس ایچ او تھانہ شرقی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکہ کیا، دھماکے میں پولیس افسران اوراہلکاروں سمیت 100سےزائدافرادشہید،200سےزائدزخمی ہوئے۔

اس حوالے سے آئی جی خیبر پختو نخوا معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی سے دھماکے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں، انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز ہونے چاہیے، پشاور دھماکہ خود کش تھا، خود کش حملہ آور کا سر اور کچھ اعضا ملے ہیں جن کی سیمپلنگ ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے فرانزک لیب بھجوا دی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کنٹرول اس طرح نہیں ہے جس طرح 10 سال پہلے تھے، یہاں سے کوئی دہشت گرد بھاگ کر ہمسایہ ملک میں پناہ لے تو معاہدے کے مطابق اسے ہمارے حوالے کیا جائے، بڑے آپریشن کیلئے پوری آبادی کے انخلا کی بات ہوگی تو ایسی کوئی ضرورت نہیں۔

آئی جی خیبر پختو نخوا نے بتایا کہ پشاور دھماکے کی انکوئری کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے جس میں پولیس اور سکیورٹی اداروں کے افسران شامل ہیں، سی سی پی او کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے، پشاور پولیس لائنز میں 6 ڈی آئی جیز، یونٹس اور کوارٹرز موجود ہیں، تلاشی صرف گیٹ پر کی جاتی ہے، گیٹ پر چیکنگ کا عمل کیا جاتا ہے لیکن اس میں کوتاہی ہوئی، خودکش حملہ آور کے سہولت کار کون تھے؟ اس کی تحقیقات کی جائے گی، بارودی مواد جمع کیسے ہوا؟ اس معاملے پر بھی انکوائری کی جائے گی۔