پشاور دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے دہشت گرد کو پہچان لیا،آئی جی خیبر پختو نخوا

خودکش حملہ آور پولیس یونیفارم میں تھا،پولیس اہلکاروں نے پیٹی بندھ بھائی سمجھ کر اسے چیک نہ کیا،دہشت گرد نیٹ کے قریب پہنچ چکے ہیں،معظم جاہ انصاری کی پریس کانفرنس

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 2 فروری 2023 11:53

پشاور دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے دہشت گرد کو پہچان لیا،آئی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 02 فروری 2023ء) آئی جی خیبر پختو نخوا معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ہمارے پاس آ گئی ہے،خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر آیا تھا،ہم نے خودکش حملہ آور کو دیکھ لیا،اگلا مرحلہ شناخت کر کے دہشت گرد کے سہولت کاروں تک پہنچانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبر پختو نخوا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بہت سی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جن کی وضاحت ضروری ہے،خودکش حملہ آور کہاں سے آیا،کیمرے میں دیکھ لیا ہے،خیبر روڈ سے پولیس لائن تک آنے والے خودکش حملہ آور کو دیکھ لیا ہے،خودکش حملہ آور پولیس یونیفارم میں تھا اور اس نے ماسک پہن رکھا تھا،سی سی ٹی وی فوٹیج میں دہشت گرد کو پہچان لیا،دہشت گرد 12 بجکر 37 منٹ پر مرکزی دروازے سے داخل ہوا۔

(جاری ہے)

جو کوتاہی ہوئی ہے وہ میری ہے میرے بچوں کی نہیں،پولیس اہلکاروں نے پیٹی بندھ بھائی سمجھ کر اسے چیک نہیں کیا،لوگ میرے بچوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل کا انجن اور چیسز نمبر مٹانے کی کوشش کی گئی،پشاور دھماکے کے بعد سب غمزدہ ہیں،افسران سمیت ہم سب تکلیف میں ہیں،خیبرپختونخوا پولیس کے مسائل کوسمجھا جائے،ہم نے آواز بلند کی اور اپنے ایک ایک شہید کا بدلہ لیں گے۔

ہم دہشت گرد کے نیٹ ورک کے قریب ہیں،میرے بچوں کو احتجاج پر اکسانا ہماری تکالیف میں اضافہ کر رہا ہے،ہم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،3 دن میں صرف 3 گھنٹے سویا ہوں۔ قبل ازیں آئی جی خیبر پختو نخوا معظم جاہ انصاری نے کہا کہ سی سی ٹی وی سے دھماکے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں،انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز ہونے چاہیے۔پشاور دھماکہ خود کش تھا،خود کش حملہ آور کا سر اور کچھ اعضا ملے ہیں جن کی سیمپلنگ ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے فرانزک لیب بھجوا دی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کنٹرول اس طرح نہیں ہے جس طرح 10 سال پہلے تھے،یہاں سے کوئی دہشت گرد بھاگ کر ہمسایہ ملک میں پناہ لے تو معاہدے کے مطابق اسے ہمارے حوالے کیا جائے،بڑے آپریشن کیلئے پوری آبادی کے انخلا کی بات ہو گی تو ایسی کوئی ضرورت نہیں۔