یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد مظلوم کشمیریوں کو یقین دلانا ہے پاکستان کی سیاسی جماعتیں ،عوام ان کیساتھ کھڑے ہیں،توصیف عباسی

یورپی یونین سے لے کر اقوام متحدہ تک ہر ادارہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے حق میں ہے،وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیریوں کو آزادی کا سورج طلوع ہوتا نظر آئیگا،ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 3 فروری 2023 22:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2023ء) ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد مظلوم کشمیریوں کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان کی سیاسی پارٹیاں اور عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیری عوام 73برس سے بھارتی ظلم و ستم،جبر و تشدد اور ریاستی دہشت گردی سے لڑ رہے ہیں۔ پونی صدی کے دوران مظلوم کشمیریوں کے پایہ استقلال میں ذرا برابر لرزش نہیں آئی۔

یہی وجہ ہے کہ آج دنیا کشمیری قوم کے موقف کو تسلیم کر چکی ہے۔ یورپی یونین سے لے کر اقوام متحدہ تک ہر ادارہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے حق میں ہے۔ نہتے کشمیریوں نے بھارت کے خلاف جس انداز سے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

اس خطہ اراضی پر آزادی کی کوئی تحریک نہ اتنی دیر چل سکی ہے نہ ہی کشمیری عوام کی طرح لاکھوں شہادتوں کے نذرانے پیش کئے گئے ہیں۔

کشمیر کی آزادی کی تحریک نے آج پاکستان کے ساتھ الحاق کے حوالے سے مستقبل کی منزل بھی متعین کر دی ہے۔ ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا کہ یہ حقیقت بھی کسی سے مخفی نہیں کہ تقسیم ہند کے ایجنڈے کے تحت مسلم اکثریتی آبادی کی بنیاد پر کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہونا تھا جبکہ بانی پاکستان قائداعظم نے کشمیر کی جغرافیائی اہمیت کے تناظر میں اسے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔

ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنے کے بجائی5اگست 2019ء کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے اسے ساتھ ملا لیا۔ اب ایک عرصے سے کشمیر میں کرفیو لگا ہوا ہے کشمیری عوام کو نقل و حرکت کی اجازت ہی نہیں۔ ان حالات میں انسانی حقوق کی تنظیموں یورپی یونین اور او آئی سی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کی بھر پور کوشش کریں۔ توصیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کے سامنے اپنا ٹھوس موقف خطوط اور میڈیا کے ذریعے پیش کر چکے ہیں۔وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیریوں کو آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا نظر آئے گا۔