عالمی برادری کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے، کشمیری رہنمائوں کو رہا کیا جائے،پاکستانی ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری

ہفتہ 4 فروری 2023 21:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2023ء) آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے بھارت پر زور ڈالے جس کا حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجی قبضہ کے خاتمہ پر زور دیتے ہوئے کشمیری رہنمائوں کی رہائی اور مقبوضہ وادی میں جغرافیائی تبدیلیوں کے خاتمہ کا بھی مطالبہ کیا۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت جعلی مقابلوں میں معصوم کشمیریوں کے ایکسٹرا جوڈیشل قتل، نام نہاد سرچ آپریشنز کو فوری طور پر بند کرے اور کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق کو بحال کیا جائے۔ ہفتہ کو سڈنی سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے پاکستانی قونصلیٹ کے زیراہمتام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے زاہد حفیظ چوہدری نے کشمیری عوام کے جائز حق خود ارادیت کی جدوجہدکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے حوالہ سے پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی مکمل معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں آسٹریلیا کی پارلیمان کے اراکین ، صحافیوں، تعلیمی ماہرین، انسانی حقوق کے کارکنوں اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی و کشمیری برادری نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار کے نمایاں مقررین میں سینیٹر ڈیوڈ شوبریگ، سینیٹر ڈاکٹر مہرین فاروقی، سابق سینیٹر اور انسانی حقوق کی کارکن لی رینان اور آسٹریلیا کی اسلامک کونسل فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر رطب جنید بھی شامل تھے۔

مقررین نے غیرقانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں سنیٹر ڈیوڈ شوبریگ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کا تحفظ پوری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق پر تجارتی اور سیاسی مفادات کو فوقیت نہیں دی جاسکتی۔ مختلف ممالک کے باہمی تعلقات مشترکہ انسانی اقدار پر مشتمل ہوتے ہیں۔ 5 اگست 2019 کے غیرقانونی بھارتی اقدامات کے حوالہ سینیٹر مہرین فاروقی نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سنگین انسانی بحران پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے آواز بلند کرے۔

لی رینان نے غیرقانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کے حوالہ سے آگہی میں وسعت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے عالمی معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی قبضہ دنیا بھر میں طویل ترین قبضہ اور قتل و غارت کی تاریخ ہے۔ ڈاکٹر رطب جنید نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کالونی ازم کی جدید شکل ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی حق ارادیت کی درست جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔