Live Updates

الیکشن کمیشن پی ٹی آئی والوں کے کہنے پر تو انتخابات نہیں کرا سکتا،رانا ثناء اللہ

ہماری رائے ہے کہ صوبائی اور قومی اسمبلی کے الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہیئں،وفاق میں نگران حکومت کے بغیر صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن متنازع ہو سکتے ہیں،وزیر داخلہ

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 15 فروری 2023 11:19

الیکشن کمیشن پی ٹی آئی والوں کے کہنے پر تو انتخابات نہیں کرا سکتا،رانا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 15 فروری 2023ء) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی والوں کے کہنے پر تو انتخابات نہیں کرا سکتا،دو صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ہوئے اور وفاق میں نگران سیٹ اپ نہ ہوا تو الیکشن متنازع ہو سکتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری رائے ہے صوبائی اور قومی اسمبلی کے الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہیئں،صاف و شفاف الیکشن افراتفری میں نہیں کرائے جا سکتے۔

پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے معاملہ الیکشن کمیشن اور عدالت کے درمیان ہے،الیکشن کمیشن الیکشن بھی کرا سکتا ہے اور نظر ثانی کا بھی کہہ سکتا ہے،آئین میں الیکشن کیلئے 90 روز کا ضرور ذکر ہے لیکن صاف اور شفاف انتخابات بھی آئین کا تقاضا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن میں شکست کی صورت میں عمران خان ہم پر الزام لگائیں کہ نگران سیٹ اپ نہیں تھا اور اثر و رسوخ استعمال کیا گیا،اس صورتحال میں الیکشن کمیشن کو بہتر فیصلہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف اگلے انتخابات کی مہم کے لیے پاکستان ضرور آئیں گے۔ قبل ازیں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کا ساتھ نہیں دیا،اسٹیبلشمنٹ سے جو غلطی ہوئی وہ تسلیم کرتے ہیں، عدم اعتماد کے وقت اسٹیبلشمنٹ کا کردار نیوٹرل تھا۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ ہماری حکومت گرانے میں 5 آدمیوں کا بنیادی کردار تھا، ’’بابا رحمتے‘‘ کی سرپرستی کے بغیریہ معاملہ پورا نہیں ہوسکتا تھا، بابا رحمتے اس سازش کا حصہ تھے، وہ سب کچھ مینج کررہے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان صرف بینیفشری نہیں بلکہ سازش کا حصہ بھی تھے،اقتدار میں آنے کے بعد عمران کو سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہئے تھا، عمران خان نے کہا معیشت نہیں بلکہ اپوزیشن ملک کا مسئلہ ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان سیاستدان اور انسان ہوتے تو معیشت کے معاملے پر ساتھ بیٹھتے، چیئرمین نیب کو عمران خان مینج کررہے تھے، خاتون کو بلیک میل کرکے اپنی مرضی کا بیان دلوانے پر آمادہ کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات