چیف جسٹس نے آئندہ عدالتی ہفتے میں مختلف اہم اور عام نوعیت کے کیسز کی سماعت کیلئے 6 ریگولراورایک خصوصی بینچ تشکیل دیدیا

ہفتہ 18 فروری 2023 23:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2023ء) چیف جسٹس آف پاکستان نے آئندہ عدالتی ہفتے میں مختلف اہم اور عام نوعیت کے کیسز کی سماعت کیلئے 6 ریگولر جبکہ ایک خصوصی بینچ تشکیل دیا ہے۔ عدالت عظمی کی طرف سے جاری کاز لسٹ کے مطابق سوموار سوموار 20 فروری کو پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطائ بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مخدوم فیصل صالح حیات کی قومی اسمبلی کے م انتخابی عذرداری سے متعلق دائر ، فلاحی مقاصد کیلئے مخصوص کردہ پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور چائنہ کٹنگ میں ملوث افراد کی ضمانت منسوخی سے متعلق نیب کی درخواست کی سماعت کرے گا۔

منگل منگل 21 فروری کو چیف جسٹس عمر عطائ بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ہزارہ کمیونٹی ٹارگٹ کلنگ از خود نوٹس کیس،مضر صحت اشیائ مثلاً گٹکا وغیرہ کے بنانے اور فروخت پر پابندی کیلئے دائر درخواست ،حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملازمین سروس مستقلی کیس کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو ہی جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ عافیہ شہر بانو ضیائ کی سپریم جوڈیشل کونسل کے حوالے سے دائر آئینی درخواست سمیت گلگت بلتستان (GB)ججز کی تقرری کے دوران چیف منسٹر GB اور GB کی کیبنٹ سے مشاورت نہ کرنے پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کی جانے والی تقرری کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے دائر کردہ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

بدھ 22 فروری کو چیف جسٹس عمر عطائ بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کے حوالے سے انجنئیر سید الیاس کی دائر کردہ درخواست ،اسلحہ (ایمونیشن) کی خریداری میں مبینہ کرپشن کے الزام میں ملوث سابق آئی جی کے پی کے کا نام ECL میں ڈالنے سے متعلق معاملہ سمیت وزارت فنانس کے ملازمین کی پینشن کے حوالے سے دائر کردہ مختلف درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

بدھ کو ہی جسٹس اعجاز الحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سانحہ کوئیٹہ 2016 کے متاثرہ وکلائ کو معاوضہ کی ادائیگی سے متعلق کیس سمیت مذہبی جرائم اور الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے الزامات کے تحت گرفتار روحان احمد ، عثمان احمد ، طارق احمد شہزاد ، ظہیر احمد اور شیراز احمد کی ضمانتوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔ بدھ 22 فروری کو ہی جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ رفاہ عامہ کیلئے مختص پلاٹوں کو کمرشل اور رہائشی پلاٹ میں تبدیل کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے گا۔

جمعرات 23 فروری کو چیف جسٹس عمر عطائ بندیال کہ سربراہی میں تین رکنی بینچ سندھ کول اتھارٹی اور دیگر اداروں میں کرپٹ عناصر کی موجودگی پر لیے جانے والے از خود نوٹس کیس،محکمہ پولیس میں سیاسی بنیادوں پر تقرر اور تبادلوں کے حوالے سے دائر مختلف آئینی درخواستوں، شہدائ پیکج کے حوالے سے دائر درخواست، سروس برخاستگی سے متعلق معاملہ سمیت کوئیٹہ شہر کے قریب کام کرنے والے سٹون کرشنگ پلانٹس کی منتقلی کے حوالے سے دائر مختلف درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

جمعرات کو ہی جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ متاثرین اسلام آباد کیس کی سماعت کرے گا۔جمعرات 23 فروری کو ہی جسٹس اعجاز الحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ چئیرمن نیب اور نیب کو بدنام کرنے پر Airwaves Media Pvt Limtid پر PEMRA کے بھاری جرمانے سے متعلق کیس سمیت حج کرپشن کیس کے ملزمان سابق وفاقی وزیر مزہبی امور حامد سعید کاظمی اور سابق ڈی جی حج راؤ شکیل کے خلاف FIA کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کرے گا۔ جمعہ 24 فروری کو عدالت عظمی میں روز مرہ سول، سروس، منشیات، فوجداری، بینکنگ، نیب اور ٹیکس سے متعلقہ کیسز زیر سماعت آئیں گے۔