Live Updates

وزیر اعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ، اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ ذرائع

سیاسی و معاشی صورتحال،عوام کو ریلیف اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال ،پی ٹی آئی کارکنان کی پر تشدد کارروائیوں کی مذمت کی گئی

اتوار 19 مارچ 2023 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اہم مشاورتی اجلاس وزیر اعظم و مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی صدارت میں ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹائون لاہور میں منعقد ہوا ،اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے پارٹی قائد محمد نوازشریف سے بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں مریم نواز، حمزہ شہباز ، مریم اورنگزیب ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق ،مصدق ملک، ملک احمد خان سمیت دیگر بھی شریک ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی و معاشی صورتحال،عوام کو ریلیف اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال اورخصوصاً زمان پارک اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کی پر تشدد کارروائیوں کی مذمت کی گئی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے شرکا ء کو مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری سے ملاقاتوں بارے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں ہونے والے انتخابات ،انتخابی مہم اور ٹکٹوں کی تقسیم پر بارے بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات اور دیگر آپشنز پر بھی بریفنگ دی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو غریبوں کو رمضان میں مفت آٹے کی فراہمی ،رمضان پیکج اور کم آمدن والے طبقات کے لئے پیٹرول پر پچاس روپے لیٹر سبسڈی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات