Live Updates

اظہر مشوانی کی اہلیہ نے شوہر کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا

موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے آج تک ملک میں بدترین انداز میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی گئیں، براہ مہربانی میرے شوہر کو طاقتور لوگوں کے غیر قانونی چنگل سے آزاد کروائیں: ماہ نور اظہر

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 مارچ 2023 22:18

اظہر مشوانی کی اہلیہ نے شوہر کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ2023ء) اظہر مشوانی کی اہلیہ نے شوہر کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی کی اہلیہ کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کو خط تحریر کیا گیا ہے۔
ماہ نور اظہر نے چیف جسٹس کو تحریر کیے گئے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے آج تک ملک میں بدترین انداز میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔

میرے شوہر سابق وزیر اعظم عمران خان کیلئے بطور فوکل پرسن خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم یوں معلوم ہوتا ہے جیسے وفاقی اور پنجاب کی صوبائی حکومت میرے شوہر کی ان ذمے داریوں سے خوش نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اسی لیے تحریک انصاف سے وابستہ افراد کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہیں ہراساں اور اغوا کیا جا رہا ہے۔ ماہ نور اظہر نے اپنے خط میں بتایا کہ ان کے شوہر دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر گھر سے زمان پارک جانے کیلئے نکلے، تاہم نہ وہ زمان پارک پہنچے، نہ ہی گھر واپس آئے۔

اہل خانہ، دوستوں اور سیاسی کارکنوں نے اظہر مشوانی کو ڈھونڈنے کی ہر کوشش کر ڈالی، تاہم اب تک ان کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔ ہم نے متعلقہ پولیس تھانے سے بھی رابطہ کیا، تاہم پولیس نہ تو میرے شوہر کو تلاش کرنے کیلئے تعاون کر رہی ہے، نہ ہی ہماری درخواست پر ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ ماہ نور اظہر کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ طاقتور لوگوں کی ایما پر پنجاب پولیس نے ایف آئی اے اور دیگر سیکورٹی ایجنسیز کی معاونت سے ان کے شوہر اظہر مشوانی کو غیر قانونی طور پر اغوا کیا اور اب اپنی حراست میں لے رکھا ہے، تاکہ میرے شوہر اور ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

ماہ نور اظہر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ براہ مہربانی آئین پاکستان میں دیے بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے معاملے میں نوٹس لیں، مداخلت کریں اور میرے شوہر کو طاقتور لوگوں کے غیر قانونی چنگل سے آزاد کروائیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان بھی پارٹی کے نوجوان رہنما اظہر مشوانی کے مبینہ اغوا پر شدید ردعمل دے چکے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ بس بہت ہوگیا! پنجاب اور اسلام آباد میں پولیس تحریک انصاف کو ہدف بنانےکیلئے پوری ڈھٹائی سے قوانین کی دھجیاں اڑارہی ہے۔ اظہرمشوانی کو لاہور سےاٹھالیاگیا اور کہاں لےجایاگیا،اب تک معلوم نہیں۔18مارچ کو سینیٹر شبلی فراز اور عمرسلطان جن کے پاس عدالتی کمپلیکس میں داخلے کی اجازت موجودتھی، ان کو بھی اسلام آباد پولیس نےبدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

حسان نیازی کوضمانت ملتےہی اٹھالیاگیا اور اسےقید میں رکھنےکیلئےایک جھوٹا مقدمہ اس پر ڈال دیا گیا۔میں پنجاب اور اسلام آباد کےآئی جیز اور ان مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تمام افسران کی تصاویر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھجوا رہاہوں تاکہ وہ ریاست وسرکار کیلئے کام کرنے والے ان کرداروں کو پہچان سکیں جو تحریک انصاف کے ذمہ داران اور نہتّے کارکنان کےاغواء، ان کی رہائش گاہوں پر چھاپوں، دورانِ حراست ان سے مار پیٹ کرنے اور ان پر بےدریغ تشدد آزمانے میں ملوث ہیں۔ عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اظہر مشوانی کو فوراً رہا کیاجائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات