Live Updates

توشہ خانہ کیس،عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور

عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،حکومت نے سکیورٹی واپس لے لی ہے،وکیل چیئرمین پی ٹی آئی

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 30 مارچ 2023 10:40

توشہ خانہ کیس،عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2023ء) توشہ خانہ کیس،عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ آج بھی اسلام آباد بار کی ہڑتال ہے،جو تین روز سے چل رہی ہے،وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وکلا کی ہڑتال میں عمران خان تو شامل نہیں ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ بھی لاہور سے آئے ہیں،مشترکہ تاریخ بتا دیں۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ غیر ضروری سپیڈ اس کیس کو کیوں دی جا رہی ہے؟۔ وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت میں بتایا کہ فرد جرم میں کافی عرصے سے پھنسے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،حکومت نے عمران خان سے سکیورٹی واپس لے لی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سکیورٹی واپس لینے کی رپورٹ طلب کر رکھی ہے،وہ سکیورٹی خدشات کے باعٖث عدالت میں موجود نہیں تاہم وہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں،وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔

عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ دو روز قبل توشہ خانہ کیس میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری کی فائل گم کرنے والے ایس پی کو ہٹا دیا گیا تھا۔ محمد سمیع ملک کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کر دی گئی تھیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا،سمیع ملک پر کیس میں عمران خان کی حاضری کی فائل گم کرنے کا الزام ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات