دہشت گردوں کی پاکستان سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ،4 جوان شہید

واقعہ پاک ایران بارڈر کے جلگئی سیکٹر میں پیش آیا،دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کیخلاف ایرانی حکام سے رابطے کیے جا رہے ہیں،آئی ایس پی آر

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 1 اپریل 2023 16:45

دہشت گردوں کی پاکستان سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ،4 جوان ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 01 اپریل 2023ء) دہشت گردوں نے پاکستان سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ کی ہے،واقعہ پاک ایران بارڈر کے جلگئی سیکٹر میں پیش آیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 جوان شہید ہو گئے،شہداء میں نائیک شیر احمد،لانس نائیک محمد اصغر،سپاہی محمد عرفان اورعبدالرشید شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کیخلاف ایرانی حکام سے رابطے کیے جا رہے ہیں،رابطوں کا مقصد مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہے۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل سکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دوران آپریشنز 5 دہشتگرد ہلاک کیے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز کئے،سکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد جہنم واصل کیے تھے،دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے کہا پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ جبکہ سکیورٹی فورسز نے اس سے قبل بھی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا،سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران چھ دہشتگرد ہلاک کئے تھے۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 3 دہشتگرد مارے گئے،ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا،اس طرح انٹیلی بیسڈ آپریشن میں 9 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقامی لوگوں نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا،مقامی لوگوں نے علاقے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مکمل تعاون کا اظہار بھی کیا۔