لاہورہائیکورٹ نے آنسو گیس کیخلاف درخواست وفاقی وزارت داخلہ کے بیان کے بعد نمٹادی

بدھ 19 اپریل 2023 13:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے آنسو گیس کیخلاف درخواست وفاقی وزارت داخلہ کے بیان کے بعد نمٹاتے ہوئے زائد المعیاد آنسو گیس کے استعمال سے روک دیا۔عدالت نے ریمارکس دئیے اگر خلاف ورزی ہوئی تو توہین عدالت میں آئی جی پنجاب کو طلب کرلیا جائے گا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس بدھ کے روزکیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اظہر صدیق نے دلائل دئیے اور موقف اختیار کیا کہ آئین پاکستان ہرشہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، گزشتہ سال25مئی کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پرامن شرکا کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔پولیس نے لانگ مارچ کے شرکا پر آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔استدعا ہے عدالت ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کاحکم دے۔وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے عدالت میں جواب جمع کرایا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے سٹاک میں زائدالمعیاد آنسو گیس موجود نہیں ہے اور نہ ہی چلائی گئی۔عدالت نے کہاکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل کے بیان کی روشنی میں درخواست نمٹائی جارہی ہے۔عدالت نے آنسو گیس کیخلاف درخواست نمٹاتے ہوئے زائد المعیاد آنسو گیس کے استعمال سے روک دیا۔