Live Updates

جنوبی پنجاب سے اہم شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان

سابق صدر آصف علی زرداری آج شام لاہور پہنچیں گے، اعلیٰ سطح اجلاسوں کی صدارت کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 30 مئی 2023 13:48

جنوبی پنجاب سے اہم شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان
لاہور ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 مئی 2023ء) سابق صدر آصف علی زرداری آج شام لاہور پہنچیں گے۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری پارٹی کے اعلیٰ سطح اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔آصف زرداری اہم شخصیات کی پارٹی میں شمولیت سے متعلق بھی ملاقاتیں کریں گے۔جنوبی پنجاب سے اہم شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔جب کہ آصف زرداری کی مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وہ لوگ شامل کرے گی جو اس ملک میں پر امن کا نظام چاہتے ہیں، جو چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں، ملک ترقی کرے، جمہوریت اور جمہوری ادارے مضبوط ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے لوگ پارٹی میں شامل نہیں کریں گے جو کل ہمیں چھوڑیں اورہم کمزور ہوں۔

حسن مرتضی نے کہا کہ آج وہی قیادتیں جنہوں نے لوگوں کے برین واش کیے۔ پھر ایک پریس کانفرنس کے ذریعے ڈرائی کلین ہو کر بیٹھ جاتے ہیں ۔انہوں نے نوجوانوں کو گمراہ کیا ان کی ذہن سازی کی، ان کی ٹریننگ کی گئی ہے۔ آج بھی عمران خان اقرار کر رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ سزا تو ان ٹرینر کوملنی چاہیے جو نوجوان نسل کو دہشت گرد بنا رہے ہیں۔دوسری جانب سندھ سے پی ٹی آئی چھوڑنے والی 2 اہم شخصیات نے جہانگیرترین سے رابطہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر دونوں رہنماؤں کے جہانگیر ترین سے معاملات طے پا گئے،جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے ملک بھر سے مختلف رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے۔ پنجاب کے علاوہ خیبر پختو نخوا اور سندھ سے بھی کئی لوگ جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات