Live Updates

بلاول بھٹو نے میئر کراچی کے لیے مرتضی وہاب کو امیدوار نامزد کردیا

اب ہم نے اگلے مرحلے میں بہتر کارکردگی دکھانی ہے تاکہ عوام کی بہتر خدمت کی جاسکے،چیئرین پی پی کا ٹوئٹ

پیر 5 جون 2023 22:36

بلاول بھٹو نے میئر کراچی کے لیے مرتضی وہاب کو امیدوار نامزد کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2023ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی کیلیے مرتضی وہاب کو پارٹی امیدوار نامزد کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بلاول بھٹو زرداری نے پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی پریس کانفرنس سے متعلق کے ٹوئٹ پر پیغام جاری کردیا۔اپنے پیغام میں پی پی چیئرمین نے تمام چیئرمینز، ڈپٹی چیئرمینز، میئر، ڈپٹی میئر اور ٹاون امیدواروں کو نامزدگی پر مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اب ہم نے اگلے مرحلے میں بہتر کارکردگی دکھانی ہے تاکہ عوام کی بہتر خدمت کی جاسکے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ خاص طور پر حیدر آباد اور کراچی کے عوام کا شکریہ، جنہوں نے پہلی بار پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کاشف شورو اور مرتضی وہاب پیپلز پارٹی کے سندھ کے دو بڑے شہروں کے پہلے میئر ہوں گے لیکن آخری نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے تمام نامزد چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کو ہدایت کی کہ عوام نے جو اعتماد کیا اس پر پورا اترنے کا وقت آگیا ہے، اگلے مرحلے میں کامیاب ہوکر عوام کی فلاح کے لیے کام کریں۔یاد رہے کہ میئر کراچی کے لیے 15 جون کو کے ایم سی بلڈنگ میں انتخابات ہوں گے جس کے لیے جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمان کو نامزد کیا ہے جنھیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے۔میئر کراچی نامزد ہونے کے بعد مرتضی وہاب نے اپنے پہلے بیان میں بلاول بھٹو، آصف زرداری اور ادی فریال تالپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے جو ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات