اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں شہبازشریف کی جانب سے عشائیہ ،نگراں وزیراعظم متعلق مشاورت

وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت سے قبل نواز شریف سے بھی رابطہ کیا ،نگران وزیراعظم کے تقرری بارے بات چیت ہوئی،ذرائع

جمعہ 11 اگست 2023 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2023ء) نگراں وزیر اعظم کی تقرری کے حوالے سے مشاورت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں نگراں وزیر اعظم سے متعلق مشاورت کی گئی۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے اتحادیوں کے اعزازمیں عشائیہ دیا گیا۔

وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے عشائیے میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوز رداری،پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، اسعد محمود، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف، سینیٹر اسحاق ڈار، اختر مینگل، اسلم بھوتانی، امیر حیدر ہوتی، آفتاب شیر پا اور محسن داوڑ سمیت دیگرشریک ہوئے۔ذرائع نے بتایاکہ عشائیے میں نگراں وزیراعظم اور نگران کابینہ سے متعلق مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے پیش کئے گئے ناموں پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔اتحادی جماعتوں نے نگراں وزیراعظم کی تعیناتی اتفاق رائے سے کرنے پر زور دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت سے قبل پارٹی قائد نواز شریف سے بھی رابطہ کیا جس میں نگران وزیراعظم کے تقرری کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ذرائع کے مطابق عشایئے میں شرکت کیلئے آصف زرداری، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی، ساجد میر، اویس نورانی، ایمل ولی خان، عبدالملک بلوچ، آفتاب شیرپا اور دیگر کو دعوت بھیجی گئی تھی۔