یوم نیلہ بٹ کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں

پیر 21 اگست 2023 21:01

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2023ء) یوم نیلہ بٹ کی تیاریاں عروج پر ، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی مرکزی تنظیم ، ویمن ونگ ، یوتھ ونگ ، لائرز ونگ ، ٹریڈرز ونگ ، طلباء ونگ سمیت تمام قائدین و کارکنان یوم نیلہ بٹ جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے سرگرم ، 23 اگست کو نیلہ بٹ کے مقام پر مرکزی پروگرام میں شرکت کے لیے رابطہ مہم جاری ، کارکن کثیر تعداد میں شرکت کے لیے پرعزم ، 22 اگست کے پروگرامات کو حتمی شکل دے دی گئی ، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان صبح 10 بجے خان عبدالغفار خان کی قبر پر چادر چڑھائیں گے ، 10:15 پر مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان ، 10:45 پر سائیں علی بہادر خان و گرو بابا اور 11:00 بجے راجہ لطیف شہید کوٹلی کے مزار پر چادریں چڑھائی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

چادر پوشی کے بعد صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان شرکائے تقریب سے خطاب کریں گے ۔ 2:30 پر سائیں اکرم خان کی قبر پر حاضری دی جائے گی ، 2:45 پر مرزا راجہ شیر زمان شہید پر چادر چڑھائی جائے گی اس کے علاوہ سردار گل احمد خان شہید ، سردار عارف خان نیلہ بٹ ، اور ایس پی سردار رزاق مرحوم کی قبروں پر چادریں چڑھائی جائیں گی ، 4:00 بجے نیلہ بٹ کے مقام پر ختم شریف پڑھا جائے گا ، بعد نماز عصر دعا ہو گی اور لنگر تقسیم ہو گا ۔

نماز مغرب کے بعد محفل سماع اور کشمیر کلچرل اکیڈمی کی جانب سے محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں آزاد کشمیر اور پاکستان بھر سے آئے ہوئے شعرائے کرام شرکت کریں گے ۔ 22 اگست کے پروگرامات میں آزاد کشمیر بھر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے مسلم کانفرنسی قائدین ، کارکنان اور عوام کثیر تعداد میں شرکت کریں گے ۔