سندھ ہائی کورٹ ،شازیہ مری کی مبینہ جعلی ڈگری سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور

بدھ 6 ستمبر 2023 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2023ء) سندھ ہائی کورٹ نے سابق رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کی مبینہ جعلی ڈگری سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریقین سے 5اکتوبر کو دلائل طلب کرلیے ہیں ۔سندھ ہائیکورٹ میں پیپلز پارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کی مبینہ جعلی ڈگری سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل محمد رفیق کلہوڑ ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ 2013 سے کیس التوا کاشکار ہے، جلد سنا جائے۔

(جاری ہے)

جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیئے کیس بھی تو خطرناک لائے ہیں اوپر سے قسمت بھی تو آپکا ساتھ نہیں دے رہی۔ یہ شازیہ مری کی نااہلی کا کیس ہی درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کِہ شازیہ مری نے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے جعلی ڈگری پیش کی۔

رکن قومی اسمبلی شازیہ نے لیاری کی ہم نام لڑکی کی ڈگری پر الیکشن لڑا۔ شازیہ مری پہلے این اے 235 سانگھڑ ٹو سے منتخب ہوئیں تھی۔ شازیہ مری کا اب حلقہ تبدیل ہوکر این اے 216 سانگھڑ ٹو ہوگیا ہے۔ شازیہ مری نے گریجویشن کی جعلی ڈگری پر الیکشن میں حصہ لیا نااہل قرار دیا جائے۔ عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔ عدالت نے درخواست پر فریقین سے 5 اکتوبر کو دلائل طلب کرلیے۔