جماعت اسلامی سندھ کا 24ستمبر کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا اعلان

جمعہ 22 ستمبر 2023 22:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے اتوار 24ستمبرکو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے ایک ماہ میں تین مرتبہ پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے غریب عوام کے زندہ رہنے کے تمام راستے بند کر دیئے ہیں، جماعت اسلامی کی حکمرانوں کی ظالمانہ اقدامات اور آئی ایم ایف کی غلامانہ پالیسیوں کے خلاف جدو جہد جاری رہے گی، پشاور، لاہور اور کوئٹہ کے بعد 6اکتوبر کو سندھ کے دالالخلافہ میں دھرنہ ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا، محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ 24ستمبراتوار کو شام 5بجے شہری اپنی گاڑیا ں، موٹر سائیکل سڑکوں پر جام کر کے ظلم و مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں، سندھ کے ہر شہر میں 5بجے اہم مقامات پر ٹریفک جام کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا حیدرآباد میں بھی 24ستمبر شام 5بجے کوہ نور چوک پر گاڑیاں سڑکوں پر جام کر کے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت روزمرہ کی اشیائکی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے جس کا سارا بوجھ غریب آدمی کو ہی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اشرافیہ کو پیٹرول، بجلی کے بل دینا چاہیے سرمایہ داروں، وڈیروں، جاگیرداروں پر اس کا اثر نہیں پڑتا لیکن اس کا بوجھ عوام پر ڈالنا ظلم ہے،پہلے کہا گیا ڈالر کا ریٹ کم ہوگا تو پیٹرول قیمتیں بھی نیچے آئیں گی مگر ڈالر 335سے 295تک آگیا پھر بھی پیٹرول 312سے بڑھ کر332پر آگیا یہ سراسر ظلم ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید، صوبائی رہنما و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی، جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی حیدرآباد عدنان دانش اور صدر جے آئی یوتھ حیدرآباد عرفان قائمخانی بھی موجود تھے۔بعد ازاں امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن اسمبلی نے پریس کلب حیدرآباد کے سابق صدر و حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ ورکرز کے صدر ناصر شیخ کے چھوٹے بھائی کاشف شیخ کے انتقال پر ان کے گھر جا گر تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا بھی کی۔