sسعودی عرب کا قومی دن ، شہباز شریف کا نیک تمنائوں کا اظہار

اتوار 24 ستمبر 2023 03:20

غ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2023ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کے قومی دن پر مبارک اور نیک تمناؤں کا پیغام دیتے ہیں۔

سعودی عرب کے قیام کو 93 سال مکمل ہونے پر پاکستان کے عوام، اپنے قائد محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دلی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہیں ۔ 23 ستمبر 1923 کو بانی سعودی عرب عبدالعزیز بن الرحمان آل سعود سے لے کر آج تک آنے والی قیادت کی مسلسل محنت، بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت سعودی عرب شاندار ترقی سے ہم کنار ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب اور پاکستان دو بھائی ہیں جنہوں نے وقت اور حالات سے قطع نظر اخوت و بھائی چارے اور تعاون و اشتراک عمل کے برادرانہ تعلقات کو مظبوط سے مظبوط تر بنایا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کی فراخ دلانہ مدد کی ہے جو لائق تحسین اور ناقابل فراموش ہے، ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان پر لگنے والی پابندیوں کے دوران بھی سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا تھا ، حالیہ عرصے میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں سعودی قیادت نے خصوصی کردار ادا کیا، تنازعہ جموں و کشمیر سمیت پاکستان کے معاشی، خارجی اور قومی مفادات کے تحفظ میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ، دعا ہے کہ سعودی عرب ترقی و خوشحالی کی مزید منازل طے کرے اور پاک سعودی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں۔