میرا ن لیگ کو مشورہ ہے نگران حکومت سے اپنے بندے نکال لیں

نوازشریف کی واپسی پر خوش آمیدید کہتے ہیں، میاں صاحب سے گزارش ہے کہ انتقام کی سیاست سے گریز کریں۔پی پی رہنما خورشید شاہ کا مشورہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 26 ستمبر 2023 13:39

میرا ن لیگ کو مشورہ ہے نگران حکومت سے اپنے بندے نکال لیں
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔26ستمبر 2023ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے ن لیگ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نگران حکومت سے اپندے بندے نکال لے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاست دان جو بھی وعدہ کریں پورا کریں تو ریاست بھی بچا سکتے ہیں اور پارلیمنٹ بھی،ہم نے ماضی میں جو بھی ایک دوسرے کے ساتھ کیا اس کو ختم کر کے ایک نیا راستہ بنانا چاہیے۔

ن لیگ صرف لندن میں اپنا بیانیہ بنا رہی ہے، انتقامی بیانیہ لے کر حکومت میں آنا اچھی بات نہیں۔پیپلزپارٹی نے سیاست ہمیشہ ملک کی سالمیت اور بقا کی ہے، انتقامی سیاست پر یقین نہیں، انتقامی سیاست سے پاکستان ہمیشہ کمزور ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم 16 ماہ ن لیگ کے ساتھ چلے پتہ نہیں اب کیا ہوا کہ یہ لڑرہے ہیں۔

(جاری ہے)

احسن اقبال کے ایک بیان سے چینی ایک رات میں 30 روپے بڑھ گئی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ لیول پلئنگ فیلڈ ملنا ہمارا رائٹ ہے ہمیں ملنا چاہیے، الیکشن کے اعلان سے قبل کوئی کسی پر پابندی نہیں ڈال سکتا، پاکستان کا اصل حامی وہ ہو گا جو فری اینڈ فئیرالیکشن کروائے گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ ہم میاں نواز کی واپسی پر خوش آمیدید کہتے ہیں، میاں صاحب سے گزارش ہے کہ انتقام کی سیاست سے گریز کریں،میرا ن لیگ کو مشورہ ہے نگران حکومت سے اپنے بندے نکال لیں۔

قبل ازیں خورشید شاہ نے کہا کہ سب کو حق ہے کسی کے ساتھ بھی اتحاد کرے، ہم لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی اسکیمیں اس وقت صرف پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چل رہی ہیں، یہ زیادتی ہے کہ نگراں حکومت آتے ہی سندھ میں ترقیاتی کام روک دئیے گئے۔پی پی رہنما نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اس لیے ن لیگ سے مانگ رہے ہیں کہ ان کے 7سینئر اور ایکٹیو ممبر بیوروکریسی میں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ہوئے ہم نے کہاکہ پہلے جمہوریت چاہیے، بینظیر بھٹو شہید ہوئیں، ہم نے کہا کہ جمہوریت کی شکل میں انتقام چاہیے۔خورشید شاہ نے کہاکہ ہمارا نعرہ وہی ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، معیشت کو بہتر کرنا چاہیے، ہمارے پاس سسٹم موجود ہے سال میں مہنگائی کم ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو علم ہے کہ مہنگائی کیسے روکی جاتی ہے عوام کو کیسے ریلیف دیا جاتا ہے۔