مستونگ دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا،شہداء کی تعداد 53 ہو گئی

دھماکے کا مقدمہ نا معلوم حملہ آوروں کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا،مقدمے میں قتل،اقدامِ قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 30 ستمبر 2023 11:22

مستونگ دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا،شہداء کی تعداد 53 ہو گئی
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 ستمبر 2023ء) مستونگ دھماکے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مستونگ دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد شہداء کی تعداد 53 ہو گئی۔ ترجمان سول ہسپتال کے مطابق زخمی ٹراما سینٹر آئی سی یو میں زیر علاج تھا،دھماکے کے 7 شدید زخمی انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ 3 شدید زخمیوں سمیت 18 افراد کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ 17 زخمی غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ میں زیر علاج ہیں اور 25 زخمی افراد کو ڈسچارج کر دیا گیا۔ جبکہ مستونگ دھماکے کا مقدمہ نا معلوم حملہ آوروں کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔ مقدمہ قتل،اقدامِ قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ سانحہ مستونگ پر بلوچستان حکومت نے تین روز سوگ کا اعلان کر رکھا ہے اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں خود کش دھماکہ ہوا تھا،دھماکہ مستونگ کی مدینہ مسجد کے باہر کیا گیا۔ جلوس کے شرکاء نعت خوانی میں مصروف تھے اور جلوس میں شامل گاڑی کے قریب دھماکہ کیا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایا تھا کہ ڈی ایس پی نواز گشکوری سمیت 52 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔

جبکہ صدر مملکت عارف علوی،نگران وزیراعظم انور الحق کاکڑ اور نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جانی نقصان پر اظہار اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا تھا،جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہداہت کی۔ نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلہ پست نہیں ہو سکتے۔