لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور کی دوسالہ صدارت کا پہلا سال مکمل

ہفتہ 30 ستمبر 2023 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2023ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے اپنی دوسالہ صدارت کا ایک سال کامیابی سے مکمل کرلیا اور اس اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تجارت، صنعت اور معیشت کے لیے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھیں گے۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ اپنی ملاقات کو بطور صدر لاہور چیمبر اپنے پہلے سال کے دوران ہونے والا ایک اہم ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے انتہائی بہترین نتائج برآمد ہوئے، ڈالر کی قیمت میں فوری کمی اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی۔

ایک سال کے دوران اپنی کارکردگی کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کاشف انور نے کہا کہ امریکی سفیر نے طویل عرصے کے بعد ایل سی سی آئی کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبرمیں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے اہم ملاقات بھی ہوئی۔ اس کے علاوہ چین، یورپی یونین، بیلجیئم، ایران، تیونس، قازقستان، تاجکستان، آذربائیجان، ترکی، ویتنام، انڈونیشیا، برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز اور تجارتی وفود نے بھی ایل سی سی آئی کا دورہ کیا تاکہ باہمی تجارت اور اقتصادی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، اسوقت کے وزیراعظم شہباز شریف، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان، نگراں وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی، وفاقی خزانہ اور دیگر وزرا، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلی حکام سے ایک سے زائد ملاقاتیں کیں۔انہوں نے کہا کہ نیپرا چیف، ایس این جی پی ایل کے جی ایم، کمشنر لاہور اور دیگر حکام کو بھی لاہور چیمبرمیں مدعو کیا گیا تھا تاکہ تاجر برادری کو درپیش مسائل پر بات چیت کی جا سکے۔

کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ممبران اور عملے کو رعایتی نرخوں پر جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف ہسپتالوں، لیبز، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ایکسپورٹ ٹرافی، آئی ٹی ایوارڈز اور ایمبیسیڈرز ڈنر کا بھی کامیابی سے انعقاد کیاجبکہ سیرت النبیﷺکانفرنس اور آسیان کانفرنس بھی منعقد کیں۔