؁ تمام منتخب نمائندوں کو مالی و انتظامی اختیارات دیئے جائیں ، ڈی ڈی اوز کو ٹائونز چیئرمین کے ماتحت کیا جائے،حافظ نعیم الرحمن

#شہر بھر میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ ختم کیے جائیں اور کراچی کے ہر علاقے میں نلکوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، امیر جماعت اسلامی کراچی = ٹائونز کی سطح پر ٹرانزیشن کا عمل مکمل کرلیا ہے اور ایک ماہ میں یوسی کی سطح پر بھی فنڈز کی یوسی چیئرمین کو منتقلی کا کام مکمل کرلیا جائے گا،نگراں وزیر بلدیات ةحافظ نعیم الرحمن کی نگراں وزیر بلدیات سے ملاقات ، یوسی سطح تک عبوری مدت ختم کرنے کا مطالبہ

پیر 2 اکتوبر 2023 21:50

Oکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2023ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد نے پیر کونگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ و ٹائون پلاننگ محمد مبین جمانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منظور شیخ بھی موجود تھے جبکہ وفد میں سٹی ڈسٹرکٹ کونسل کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری شامل تھے۔

ملاقات میں بلدیاتی نظام بالخصوص کراچی میں ٹائونز و یوسیز کو درپیش مسائل، عبوری مدت سے متعلق مسائل، ڈی ڈی او کے اختیارات چیئرمینز کو منتقل کرنے، واٹر کارپوریشن ، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور جماعت اسلامی کی جانب سے نگراں وزیر بلدیات کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ یوسیز کی سطح تک بھی عبوری مدت ختم کی جائے اور تمام منتخب نمائندوں کو مالی و انتظامی اختیارات دیئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ یوسیز کے انتخابات کے باوجود ابھی تک فنڈز سمیت دیگر امور کالعدم یوسیز کے پاس ہیں۔ جماعت اسلامی کے لئے کوئی افسر پسندیدہ یا ناپسندیدہ نہیں البتہ جو افسران تعینات ہوں وہ ایماندارانہ طریقے سے خدمات انجام دیں۔ تنخواہوں اور ترقیاتی کاموں کے لئے یوسی کے فنڈز علیحدہ علیحدہ مختص کئے جائیں اور فنڈزمیں اضافہ کیا جائے۔ ڈی ڈی اوز کو ٹائونز چیئرمین کے ماتحت کیا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں میں درپیش رکاوٹیں ختم ہوں۔

شہر بھر میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ ختم کیے جائیں اور کراچی کے ہر علاقے میں نلکوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔نگراں وزیر بلدیات مبین جمانی نے کہا کہ کراچی میں ٹائونز کی سطح پر ٹرانزیشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور آئندہ ایک ماہ کے اندر اندر یوسی کی سطح پر بھی فنڈز کی یوسی چیئرمین کو منتقلی کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

سولڈ ویسٹ کے نظام کو ٹائونز کے ماتحت کرنے کے حوالے سے قانون اور میکنزم کو دیکھ رہے ہیں۔شہر میں 350 سے زائد غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ میں سے 100 سے زائد کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔آج ہی یہ احکامات جاری کردیں گے جو بھی زیر تعمیر عمارت ہو وہ اپنی این او سی اس عمارت پر چسپاں کرے۔بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف ایکشن شروع کردیا ہے تاکہ یوسی اور ٹائون کوملنے والے فنڈز عوام کے کاموں پر خرچ ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب سے آئے ہیں ہماری ایک ہی کوشش ہے کہ ہر کام ایمانداری اور عوامی مفاد میں ہو۔جماعت اسلامی کی جانب سے نگراں وزیر بلدیات کو پیش کی جانے والی یادداشت میں کہا گیا ہے کہ یوسیز کی سطح تک بھی عبوری مدت کا فوری خاتمہ کیا جائے ۔متروکہ ڈی ایم سیز اور یوسیز کے بجائے موجودہ ٹائونز اور یوسیز کے اکائونٹس میں فند کا اجراء کیا جائے ۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور نادرا بسلسلہ پیدائش ، اموات ، شادی ، طلاق وغیرہ کے کاغذات کا اجراء نئی یوسیز کے زیر انتظام کیا جائے کیونکہ ابھی تک یہ نظام پرانی یوسیوں کے حساب سے چل رہا ہے ۔ٹائون / یوسیز کو مالی و انتظامی اختیارات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی خراب کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ان کے معاملات کو ٹائون اور یوسیز کے ماتحت کیا جائے ۔

اسی طرح چیک اینڈ بیلنس قائم کرنے کے لیے حاضری ، تنخواہوں کی ادائیگی اور ترقیوں کو ٹائون اور یوسی کی سفارش سے مشروط کیا جائے یہ کرنے کے لیے صرف ایک نوٹیفیکیشن کا اجراء بھی کافی ہے ۔ٹرانسفراور پوسٹنگ کو متعلقہ ٹائون ، یوسی کی اجازت سے مشروط کیا جائے ۔ منتخب نمائندوں کو سہولیات بشمول دفاتر ، اسٹاف ، ضروری دفتری سامان ، گاڑیاں ، اعزازیہ وغیرہ ان کی ذمہ داریوں کے حساب سے تفویض کیا جائے ۔

مقامی حکومتوں کا طریقہ کار ، بالخصوص یوسیز بسلسلہ ٹیکس ، بجٹ کی تیاری ، فنڈز کا استعمال ، تعیناتیوں وغیرہ کے حوالے سے واضح ہدایات کا اجراء کیا جائے ۔کراچی بھر میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیSBCA کے افسران کی ملی بھگت سے ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور غیر قانونی تعمیرات کروانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔